بارہ بنکی میں نئی ادبی بزم کی تشکیل، ماہانہ طرحی نشست اور آل انڈیا مشاعرے کا اعلان

ادبی کینوس کی بہترین پہل
بارہ بنکی میں نئی ادبی بزم کی تشکیل، ماہانہ طرحی نشست اور آل انڈیا مشاعرے کا اعلان
بارہ بنکی۔ (ابوشحمہ انصاری)بارہ بنکی میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے مقصد سے ’’ادبی کینوس‘‘ کے نام سے ایک نئی ادبی بزم تشکیل دی گئی ہے، جس کے تحت ماہانہ طرحی نشستیں، ادبی محفلیں اور مشاعرے منعقد کیے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں اتوار کو معروف شاعر آدرش بارہ بنکوی کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بزم کی تشکیل کے ساتھ ساتھ عہدیداران کا متفقہ طور پر انتخاب کیا گیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر فدا حسین کو بزم کا سرپرستِ اعلیٰ مقرر کیا گیا، جبکہ وقار بارہ بنکوی کو سرپرست اور گلزار فاطمہ ایڈووکیٹ کو نائب سرپرست نامزد کیا گیا۔ بزم کی صدارت کے لیے ضیاء الدین احمد (ماڈرن شوز) کا انتخاب عمل میں آیا، جبکہ ذکی طارق بارہ بنکوی، کیفی رودلوی اور شمیم انصاری کو نائب صدور مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر ریحان علوی کو جنرل سیکرٹری اور آدرش بارہ بنکوی کو سیکرٹری کی ذمہ داری سونپی گئی۔ سینئر کوی اشوک کمار سونی کو خزانچی اور سلیم ہمدم رودولوی کو پبلسٹی سکریٹری مقرر کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بزم کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئندہ دنوں میں کمیٹی میں اضافی عہدیداران کی تعیناتی کی جائے گی۔ نو منتخب صدر ضیاء الدین احمد نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ہر ماہ کے تیسرے اتوار کو دوپہر ایک بجے سے ماہانہ طرحی نشست منعقد کی جائے گی، جب کہ ہر تین ماہ بعد ایک عظیم الشان مشاعرہ اور ہر سال ایک آل انڈیا کوی سمیلن و مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔
اہلِ ادب نے ’’ادبی کینوس‘‘ کی اس پہل کو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی منظم اور سنجیدہ ادبی سرگرمیوں سے اردو زبان کو نئی توانائی حاصل ہوگی اور بالخصوص نسلِ نو کو ادب سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔ ادبی نشستیں اور مشاعرے نوجوان شعرا اور لکھنے والوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ مطالعہ، فکری بالیدگی اور صحت مند اظہار کو فروغ دیں گے۔ شرکا کا ماننا تھا کہ ’’ادبی کینوس‘‘ جیسا پلیٹ فارم اردو زبان کے تحفظ، ترویج اور ادبی روایت کو آگے بڑھانے میں ایک مؤثر اور دیرپا کردار ادا کرے گا۔




