
وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی قیادت کی ستائش
لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری)اترپردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر کے عہدے پر نتن نبین کے متفقہ طور پر بلا مقابلہ انتخاب پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوری جماعت کے اعلیٰ ترین منصب پر ایک نوجوان، متحرک اور تنظیمی تجربہ رکھنے والی شخصیت کا انتخاب پارٹی کے اندر جمہوری روایت، کارکنوں کی قدر اور صلاحیتوں کے اعتراف کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتن نبین نے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں قومی سطح پر اور بہار پردیش میں ریاستی صدر کی حیثیت سے جس سنجیدگی، محنت اور زمینی وابستگی کے ساتھ خدمات انجام دیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ نتن نبین کا قومی صدر منتخب ہونا اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ پارٹی میں عمر کے بجائے خلوصِ نیت، تنظیمی وفاداری، دیانت داری، سرگرمی اور عوام سے مضبوط ربط کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان قیادت کا ابھر کر سامنے آنا پارٹی کے نوجوان کارکنوں کے لیے حوصلہ، اعتماد اور رہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پارٹی نے قومی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اسی طرح اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی انتظامی صلاحیت، نظم و نسق اور ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے امید ظاہر کی کہ نتن نبین کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی تنظیمی طور پر مزید مستحکم ہوگی اور نوجوانوں کو تعمیری سیاست اور قومی خدمت سے جوڑنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
یہ اطلاع آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔




