سدھارتھ نگر/ اٹوا: سنی رضا جامع مسجد نگر پنچایت اٹوا میں معراج النبی ﷺ کی مناسبت سے ایک عظیم الشان محفل کا اہتمام ہوا. جس کی ابتدا ارباب احمد نظامی استاذ جامعہ اہلسنت فیضانِ رضا اٹوا کی زبانی تلاوت قرآن مجید سے ہوئی۔ اس کے بعد مولانا محمد شریف القادری نے نعت رسول کے بعد اجمل سلطان پوری کا نوشتہ قصیدۂ معراجیہ پیش کر کے محفل میں نیا رنگ بھر دیا۔ حافظ زبیر فیضی مؤذن سنی رضا جامع مسجد، حافظ سلمان فیضی اور قاری اربا احمد صاحب نظامی نے نعت رسول ﷺ کے قیمتی اشعار سے اہل محفل کے دلوں کو باغ باغ کردیا۔
خصوصی خطاب کی حیثیت سے مولانا محمد عثمان علیمیؔ نے خوبصورت لہجے میں معراج النبی ﷺ کے حوالے سے نعت شریف پیش کی اس کے بعد نہایت معلوماتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معراج حضور ﷺ کا ایک عظیم معجزہ ہے اور شب معراج آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وہاں تک قدم پہنچے جہاں تک کسی کے خیالات نہیں پہنچ سکتے.
پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیت ُالمقدس تشریف لائے جہاں مسجدِ اقصیٰ میں انبیائے کرام کی امامت فرمائی۔ چنانچہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں کہ جب میں بیتُ المقدس میں آیا تو انبیائے کرام جمع تھے. حضرت جبریل علیہ السّلام نے مجھے آگے کیا تو میں نے ان کی امامت کی۔
بعدہٗ محفل درود کا اہتمام ہوا جس میں نہایت حضور قلب کے ساتھ تمامی عاشقان رسول ﷺ نے اپنے نبی کی ذات بابرکات پر درودشریف پڑھ کر خود کو مشرف کیا۔ اخیر میں صلوۃ و سلام پیش کیا گیا اور پوری امت مسلمہ کے فلاح و بہبود کی دعا کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔
اس موقع پر علماء کرام کے ساتھ ساتھ خاص طور سے ماسٹر عربی حسن، ماسٹر محمد راشد، ماسٹر عمران صدیقی اساتذۂ جامعہ اہلسنت فیضانِ رضا، الحاج عبد المعید خان، خان صراف عرف گڈو، ورائٹی ماسٹر، ڈائمنڈ ماسٹر، ڈاکٹر ارمان قریشی، راجو بھائی جوتا والے، فداء المصطفی وغیرہم کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔