لکھنؤ (پریس ریلیز)اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی حکومت کے 8 سال کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں، جو ریاست کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور سینئر سیاست داں ڈاکٹر عمار رضوی نے یوگی حکومت کی 8 سالہ کامیابی کے لئے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے یوگی حکومت کی 8 سالہ کامیابی پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ وہ پہلے وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے مسلسل آٹھ سالوں تک اترپردیش کی خدمت انجام دی۔ ریاست کو ترقی، استحکام اور قانون کی حکمرانی کی راہ پر گامزن رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کو ان کے دورِ حکومت میں کئی چیلنجز اور آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہمیشہ ثابت قدمی اور دیانت داری سے کام لیتے ہوئے ریاست میں ترقی، امن و امان اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔
ڈاکٹر رضوی نے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں مہاکمبھ کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا، جس میں 66 کروڑ عقیدتمندوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا عظیم الشان کارنامہ انجام دیا گیا، جو آج تک کوئی اور نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی یوگی آدتیہ ناتھ کی انتظامی صلاحیتوں اور مضبوط فیصلوں کی مظہر ہے۔
آخر میں، ڈاکٹر عمار رضوی نے یوگی آدتیہ ناتھ کی صحت، لمبی عمر اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی عزم و حوصلے کے ساتھ ریاست کی خدمت کرتے رہیں گے۔