بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر "آزادی کے امرت کال” کے تحت فخرالدین علی احمد گورنمنٹ کالج، محمود آباد میں 14 اپریل سے 28 اپریل 2025 تک ہفتہ واری تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ اس خصوصی جشن کا مقصد آئینی شعور کو فروغ دینا، سماجی مساوات کو اجاگر کرنا اور خواتین کے احترام جیسے اہم موضوعات پر بیداری پیدا کرنا تھا۔
ان تقریبات کے دوران کالج میں روزانہ مختلف موضوعات پر مبنی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، اور آئینی شعور پیدا کرنے پر زور دیا گیا، جن میں تقاریر، معلوماتی لیکچرز، کلام خوانی، مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور تقریری مقابلے شامل تھے۔ ان سرگرمیوں میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
تقاریب میں کالج کے تدریسی عملے نے بھرپور شرکت کی، جن میں ڈاکٹر امیہ کمار، ڈاکٹر جیوتی، ڈاکٹر یوگیش، ڈاکٹر شویتا، ڈاکٹر وشاکھا، ڈاکٹر زیبا خان، ڈاکٹر او پی سنگھ، ڈاکٹر سنجنا، ڈاکٹر وِشال، ڈاکٹر سپریتی، ڈاکٹر دیویش اور ڈاکٹر سلیل کمار شامل رہے۔
28 اپریل کو منعقدہ اختتامی تقریب میں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ مضمون نویسی مقابلے میں سونی یادو نے پہلا، کویتا نے دوسرا اور ہری ونش کمار نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ پوسٹر میکنگ میں آنند، بھومیکا اور انوشکا بالترتیب اول، دوم اور سوم مقام پر رہیں۔ ہندی تقریری مقابلے میں ہیمانشو نے پہلا، ریتو نے دوسرا اور ایک طالبہ نے تیسرا مقام حاصل کیا۔
اختتامی تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سیما سنگھ نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر منتظر قائمی نے انجام دیے۔ تقریب کا اختتام ڈاکٹر پرارتھنا سنگھ کے کلماتِ تشکر پر ہوا، جنہوں نے تمام شرکاء، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔