بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)شہر کے محلہ شارجہ نگر میں معروف شاعر کیفی ردولوی کی رہائش گاہ پر ادبی کینوس کے زیر اہتمام ایک دل کش غیر طرحی شعری نشست منعقد ہوئی۔ نشست کی صدارت ڈاکٹر فدا حسین نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض وقار بارہ بنکوی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
محفل میں موجود شعرائے کرام نے اپنے منتخب اشعار سے ماحول کو وقار اور لطافت بخشی۔ قارئین کی نذر چند پسندیدہ اشعار۔
ہمارا دل بیابان کر گیا کوئی
تمام شہر کو ویران کر گیا کوئی
ڈاکٹر فدا حسین
میں تو سمجھا تھا کوئی خواب سنہرا دے گا
کیا خبر تھی وہ مجھے نیند کو ترسا دے گا
وقار بارہ بنکوی
چل دیے بزم سے ہم دور اشارہ کر کے
ٹھوٹے مغرور سخنور سے کنارہ کر کے
ڈاکٹر ریحان علوی
ہم ہمیشہ دوسروں کے درد میں شامل رہے
وقت جب ہم پہ پڑا تو کون کب خالی رہا
کیفی ردولوی
بیٹے پڑھ لکھ کر الگ ہوتے رہے اور بوڑھا باپ
دن بدن دھنستا گیا زردار کے قرضے تلے
آدرش بارہ بنکوی
نشست میں دیگر شعرا کامران احمد، منظور بلالی، ظفر اقبال، محمد نسیم اور آفتاب ادب نے بھی اپنے اپنے کلام سے محفل کو روشن کیا۔
اختتام پر یہ اعلان کیا گیا کہ ادبی کینوس کے تحت ہر ماہ کے تیسرے اتوار کو شام 7 بجے باقاعدہ مشاعرہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ایک بار غیر طرحی اور ایک بار طرحی نشست ہوگی۔ آئندہ نشست 16 نومبر کو شام 7 بجے محلہ شارجہ نگر میں کیفی ردولوی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی۔





