پٹنہ (محمد عثمان قریشی) فلم ساز کمپنی نے ’’ فلم ادےپور فائلز ‘‘ ریلیز کرکے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کوٹھیس پہونچا یا اس نازیبا حرکت پرسخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہا کہ فلم کے ٹریلر میں حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی اور ازواج مطہرات پر جس طرح توہین آمیز تبصرےکئے ہیں وہ ناقابل برداشت ہے ،حکومت ہند فوراً اس کی اشاعت پر پابندی عائد کرے ورنہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مسلمان جان ومال ،عزت و آبرو کی قربانی تو دے سکتا ہے لیکن شان رسالت ﷺ میں گستاخی کو کسی قیمت پربرداشت نہیں کرسکتا ،ہم شان رسالت میںگستاخانہ جملوں اور اداؤں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں
اگر حکومت ہند نےاس پر روک نہیں لگائی تو ہم پورے ملک میں اس فلم کے خلاف تحریک چلائیں گے ،کیونکہ یہ شرمناک حرکت دستور ہند میں دئے گئے آئینی حقوق کے بھی خلاف ہے کہ کسی بھی مذہب کے پیشواؤں کا مذاق اڑانا ان کے کردار عمل کو تختہ مشق بنا نا بدترین جرم ہے ،قائم مقام ناظم صاحب نے یہ بھی کہا کہ ایشیا کی مشہور تعلیمی درسگاہ ازہر ہند دار العلوم دیوبند تحریک آزادی کا مرکز رہا ہے شرپسندوں کو وہاں کی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے تا کہ ان کی جہالت دور ہو کہ ماضی میں انگریزوں کے خلاف یہاں کے بزرگوں نے سرفروشانہ وقائدانہ رول اداء کیاہے اس ادارہ کو فلم ادے پور فائلز نے انتہا پسندی کاادارہ کہہ کر ملک کی سیکولر تصوریرکوبگاڑنے کی ناپاک کوشش کی ہے ہم اس کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،گیان واپی مسجد کاتصفیہ عدالت میں زیر سماعت ہے لیکن فلم سازوں نے مسجد کےوقار و عظمت کو جس طر ح پامال کرنے کی کوشش کی ہے وہ نہایت ہی بیمار ذہنیت کی علامت ہے ،اس فلم کے تمام کردار، فرقہ پرستی کو ہوادینے والے ہیں ،جنہیں اگر نہیں روکا گیاتو ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی ،اس لئے ہم اس پورے فرضی کردار کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری اس پر روک لگائے قبل اس کے کہ ملک کی فضاء آلودہ و پراگندہ ہواور امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔