کانپور(محمد عثمان قریشی) مشرقی یوپی کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کانپور کی جانب سے سال کے آغاز پر یہ مبارک فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہر سال قرعہ اندازی کے ذریعہ ایک یا دو اساتذہ کو جامعہ کے خرچ پر عمرہ کے سفر کی سعادت حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی دینی و روحانی ترقی کے ساتھ ساتھ ادارہ اور اس کے عملے کے درمیان مزید تعلقِ قلبی کو مضبوط کرنا ہے۔
اسی سلسلے کی عملی کڑی کے طور پر آج جامعہ میں نہایت شفاف اور پُرمسرت انداز میں قرعہ اندازی کی گئی، جس میں دو اساتذہ کے نام منتخب ہوئے۔ خوش نصیب اساتذہ مولانا محمد عامر قاسمی اور مفتی محمد ہارون قاسمی کو ماہ ستمبر میں جامعہ کی جانب سے عمرہ کی عظیم سعادت نصیب ہوگی۔ اس موقع پر اساتذہ و طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور جامعہ کے اس فیصلے کو ہر سطح پر سراہا گیا۔
جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ دین کے خادم اور ہمارے ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی محنتوں کے صدقے آج ہمارے طلبہ قرآن و سنت کی روشنی حاصل کر رہے ہیں۔ جامعہ کی یہ کوشش دراصل ان کی خدمات کا ایک چھوٹا سا اعتراف اور ان کے لئے دعاؤں کا سامان ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اساتذہ کو روحانی سکون اور قرب الٰہی کی سعادت حاصل ہو۔
اساتذہ نے اس فیصلہ پر ناظم جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قدم نہ صرف اساتذہ کے لئے باعثِ مسرت ہے بلکہ یہ طلبہ کے لئے بھی عملی ترغیب ہے کہ دین کی خدمت کرنے والے کبھی محروم نہیں رہتے، اللہ تعالیٰ ان کے لئے اپنے گھر کی زیارت کے اسباب پیدا کرتا ہے۔ اس سے اداروں میں خدمت اور اخلاص کا جذبہ مزید پروان چڑھے گا اور اساتذہ میں محنت کا حوصلہ بڑھے گا۔