جامعہ اشرف البنات میں شاندار اسلامی نمائش کا آغاز
کانپور (محمد عثمان قریشی) جامعہ اشرف البنات گدیانہ میں 1500 سالہ جشنِ ولادت کے موقع پر ایک شاندار اسلامی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کے خیرخواہان، معزز مہمانانِ گرامی اور طالبات کے سرپرستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور طالبات کی محنت و کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
نمائش کا افتتاح حضرت علامہ مولانا محمد ہاشم اشرفی (صدر آل انڈیا غریب نواز کونسل و سربراہِ اعلیٰ ادارہ ہذا) نے زیرِ سرپرستی انجام دیا۔
مہمانانِ خصوصی میں ودھایک عزت مآب حسن رومی، حاجی وسیم اور ڈاکٹر انور شامل تھے۔ تمام مہمانوں نے جامعہ کی اس کاوش کو نئی نسل میں دینی شعور بیدار کرنے اور اخلاقی تربیت فراہم کرنے کے لیے نہایت مؤثر اور مفید قرار دیا۔
طالبات نے نمائش میں نہایت دلکش اور تعلیمی ماڈلز و پروجیکٹس پیش کیے، جن میں رسول اکرم ﷺ کی آمد سے پہلے اور بعد کی دنیا کے مناظر، معراج النبی ﷺ، نماز (مرد و خواتین)، واقعۂ کربلا اور اس کے بعد کے حالات، قبرستان (جنتی و جہنمی)، دنیاوی عذاب اور اللہ کی نعمتیں، طبِ نبوی ﷺ، سائنس اور قرآن (شمسی نظام، آنکھ کے ذریعے تصویر بننے کا عمل، جنینی ارتقا وغیرہ)، جنگِ خندق، سورۂ کہف کی بصری نمائندگی، دورِ نبوی میں حج کے مناسک کا عملی ماڈل، میدانِ محشر کا منظر، حضرت یوسف علیہ السلام کی داستان، جامعہ اشرف المدارس کی عمارت کا ماڈل، جنت و جہنم کے مناظر اور معجزاتِ الٰہی شامل ہیں۔ یہ سب نمونے نہ صرف علم و فکر کی جھلک دکھاتے ہیں بلکہ نئی نسل کو دین و دنیا دونوں میدانوں میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
یہ نمائش جامعہ کے خدیجہ الکبریٰ ہال میں منعقد کی گئی ہے، جس کا آغاز 18 ستمبر کو ہوا اور یہ سلسلہ اتوار 21 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر مولانا ہادی، مولانا حمیت اللہ، حاجی حیدر اشرفی، حافظ منہاج الدین قادری، شبیر غازی، شریف احمد، شکیل احمد، عقیل احمد اور نفیس علی سمیت ہزاروں لوگ موجود رہے۔