کانپور(محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء وسطی زون اترپردیش کا انتخابی اجلاس نہایت خوشگوار اور پرامن ماحول میں جامعہ محمودیہ اشرف العلوم، جاجمؤ کانپور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت زون کے نائب صدر اور جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے کی، جبکہ جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
اجلاس میں بطور آبزرور سید ذہین (دیوبند)، قاری ذاکر (مظفر نگر) اور انتخابی کمیٹی کے اراکین مفتی اویس اکرم (بجنور)، مولانا عبدالخالق (مرادآباد) اور مولانا علاؤالدین (ہاپوڑ) نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز قاری اسعد اقبال فرخ آبادی کی تلاوتِ کلامِ پاک اور مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نعت سے ہوا۔
بعدہٗ زون کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد صاحب قاسمی کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی اور مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کا ترانہ پیش کیا۔
اس کے بعد انتخابی کارروائی شروع کی گئی۔ پہلے مرحلے میں صدارت کے لئے چار نام پیش کئے گئے:۱۔مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی (لکھیم پور)۲۔مفتی ظفر احمد قاسمی (فرخ آباد)۳۔قاری محمد زبیر (بہرائچ)۴۔پروفیسر سید محمد نعمان (شاہجہاں پور)۔جن میں سے مفتی ظفر احمد قاسمی اور پروفیسر نعمان نے اپنے نام واپس لے لئے، یوں دو امیدوار میدان میں رہے۔
نائب صدارت کے لئے سات نام سامنے آئے:۱۔ڈاکٹر حلیم اللہ خان (کانپور)۲۔مولانا عبدالرب قاسمی (فرخ آباد)۳۔مولانا عبدالرحمن قاسمی (سیتاپور)۴۔مولانا عبدالجبار قاسمی (ہردوئی)۵۔مولانا عمران قاسمی (شاہجہاں پور)۶۔سید حسین احمد ہاشمی (لکھنؤ)۷۔مولانا فیروز(شراوستی)۔ جن میں سے مولانا عمران قاسمی اور سید حسین احمد ہاشمی نے نام واپس لے لئے۔ باقی پانچ امیدواروں میں سے چار کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کرائی گئی۔
انتخابی کمیٹی نے تمام اضلاع سے نقشہ اور ممبرسازی کوٹہ طلب کیا، بعد ازاں سخت نگرانی کے ساتھ اراکین کے شناختی کارڈ چیک کرکے بیلٹ پیپر جاری کئے گئے۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی تمام شرکاء کے سامنے کی گئی۔
صدارت کے لئے کل 272 ووٹ ڈالے گئے، جن میں مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی کو 200/ اور قاری زبیر احمد بہرائچ کو 72 ووٹ ملے۔
اس طرح مولانااسلام الحق اسجد قاسمی نے 128 ووٹوں کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔
نائب صدارت کے لئے کل 273 ووٹ ڈالے گئے۔مولانا عبدالرحمن قاسمی سیتاپوری 216، مولانا عبدالجبار قاسمی ہردوئی 214، ڈاکٹر حلیم اللہ خان کانپور 213 اور مولانا عبدالرب قاسمی فرخ آباد 210 ووٹ لے کر نائب صدر منتخب ہوئے۔ جبکہ مولانا فیروز شراوستی کو 74 ووٹ ملے۔زون کے خزانچی کے لئے اتفاق رائے سے مولانا انصار احمد جامعی کانپور کو منتخب کیا گیا۔
انتخابی نتائج کے بعد نومنتخب صدر مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ملتِ اسلامیہ ہندیہ کی ایک عظیم امانت ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اتحاد، اخلاص اور قربانی کے ساتھ اس کاروان کو آگے بڑھائیں۔ زون کے تمام اضلاع کو تعلیمی و سماجی میدان میں مزید فعال اور بیدار کرنے کی کوشش کریں گے، اور مسلمانوں کے ملی، شرعی اور تہذیبی مسائل میں جمعیۃ کی آواز کو مضبوط و مؤثر بنائیں گے۔
اجلاس کی نظامت اور گزشتہ کارروائی جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے پیش کی۔ انتخابی عمل میں 28/ اضلاع کے 273 سے زائد اراکین شریک ہوئے۔ مفتی اویس اکرم بجنور کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔