معاشرہ کو صالح اور پاکیزہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی اصلاح کریں اور اپنے دوستوں کو دعوت دیں: قاضی شہر حافظ عبدالقدوس صاحب ہادی
پکھرایاں کانپور (محمد عثمان قریشی ) 5/ اگست بروز منگل بعد نمازِ مغرب، مدرسہ عربیہ مدینتہ العلوم، محلہ نورگنج، پکھرایاں، ضلع کانپور دیہات میں ایک روزہ عظیم الشان اصلاحِ معاشرہ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں علاقے کے سرکردہ علماء کرام نے شرکت فرمائی اور اصلاحی خطابات سے عوام کو فیض پہنچایا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی قاضی شہر کانپور و نائب صدر جمعیت علماء اترپردیش،جناب الحاج حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی صاحب نے اس روح پرور کانفرنس سے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ آج مسلم معاشرہ گناہوں کے طوفان میں گھر چکا ہے، ہر سمت بے راہ روی، فحاشی اور دین سے دوری کا ماحول عام ہے جس طرف نظر اٹھائیے خرابی ہی خرابی نظر آتی ہے اس ماحول سے بازیابی کے لئے بحیثیت قوم ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اپنے معاشرے سے ہر طرح کی خرابی کو دور کرکے پاکیزہ ماحول قائم کرنا ہے،ایک صالح معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنی اصلاح کریں، گناہوں سے بچیں، دینی تعلیم کو عام کریں
آج ہماری نئی نسل دینی تعلیم سے محروم ہے، جس کے نتیجے میں خوفِ خدا اور حیا جیسی صفات ناپید ہوتی جا رہی ہیں۔ بچیاں غیر شرعی تعلقات میں ملوث ہو رہی ہیں، اور نوجوان سوشل میڈیا و فحاشی میں گم ہو چکے ہیں۔ اس کا تدارک اس طرح ہوگا، کہ ہم اپنے گھروں میں دینی ماحول قائم کریں، بچوں اور بچیوں کو دینی تعلیم اور اسلامی اصولوں سے آراستہ کریں،انکی ہر ممکن دینی تربیت کریں تاکہ انکا یقین مذہب کے تعلق سے مضبوط ہوجائے
والدین کو اس کا بات بھی خیال ضرور رکھنا چاہئے کہ بچے اور بچیوں کا وقت پر نکاح کا اہتمام کریں تاکہ فتنوں سے بچا جا سکے آج کے زمانے میں نکاح میں بے وجہ تاخیر کرنے سے بھی معاشرےمیں کئی طرح کی خرابیاںپیدا ہورہی ہیں ۔
قاضی شہر کانپور دیہات مولانا عبدالرحمٰن قاسمی نے فرمایا کہ مسلمان قیمتی وقت کو فضول کاموں میں ضائع کر رہے ہیں،ایسے جگہ وقت کا استعمال کررہے ہیں جس میں نہ دین کا فائدہ ہے اور نہ دنیا کا فائدہ ہے حالانکہ وقت کا صحیح استعمال بھی اصلاحِ معاشرہ کا ایک اہم حصہ ہے ،اس لئے قوم کے نوجوانوں کو اپنا لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے اور اپنے وقت کو بہتر کاموں میں خرچ کرنا چاہئے
پروگرام میں مولانا نعمت اللہ قاسمی راجپوری، مفتی شاہد قاسمی پکھرایاں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، مولوی محمد ثانی نے نعت رسول ﷺ کا نذرانہ پیش کیا۔ صدارت مولانا عبدالماجد قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ مدینتہ العلوم پکھرایاں نے فرمائی اور نظامت کے فرائض مولانا فضل رب قاسمی نے انجام دئیے
پروگرام میں بڑی تعداد میں علمائے کرام اور عوام نے شرکت کی۔ اہم شرکاء میں مولانا عبدالواجد قاسمی، مولانا خالد قاسمی، حافظ سیف الاسلام مدنی، مولانا عبدالقادر صاحب مولانا مبین قاسمی،مولانا سلیم قاسمی جناب شیخ محمد صاحب پکھرایاں، حافظ محمد شکیل صاحب قاری بلال احمد صاحب قاری ہارون صاحب اور حافظ اکرم صاحب کے نام قابل ذکر ہیں۔