By using this site, you agree to the Privacy Policy and Terms of Us
Accept
NewsG24UrduNewsG24UrduNewsG24Urdu
  • سرورق
  • آج کل
  • سیاست
  • عالمی خبریں
  • سپورٹ کریں
  • Hindi
Search
  • اتصل
  • مقالات
  • شكوى
  • يعلن
© NewsG24 Urdu. All Rights Reserved.
Reading: اللہ تمہیں کچھ کیوں نہیں دے رہا؟
Share
Notification Show More
Font ResizerAa
NewsG24UrduNewsG24Urdu
Font ResizerAa
  • سرورق
  • آج کل
  • سیاست
  • عالمی خبریں
  • سپورٹ کریں
  • Hindi
Search
  • سرورق
  • آج کل
  • سیاست
  • عالمی خبریں
  • سپورٹ کریں
  • Hindi
Have an existing account? Sign In
Follow US
NewsG24Urdu > Blog > مضامین > اللہ تمہیں کچھ کیوں نہیں دے رہا؟
مضامین

اللہ تمہیں کچھ کیوں نہیں دے رہا؟

Last updated: اکتوبر 15, 2025 1:49 شام
newsg24urdu 4 دن ago
SHARE

تحریر۔ابوشحمہ انصاری سعادت گنج،بارہ بنکی

انسان کی زندگی ایک عجیب سفر ہے۔ کبھی خوشی کے راستے کھلتے ہیں، کبھی دکھ کی گھاٹیاں آتی ہیں۔ کبھی دعائیں قبول ہوتی ہیں اور کبھی سجدوں میں آنسو سوکھ جاتے ہیں، لیکن جواب نہیں آتا۔ ایسے میں دل چیخ اٹھتا ہے: آخر اللہ مجھے کچھ کیوں نہیں دے رہا؟ یہ سوال ہر اس دل کی دھڑکن میں چھپا ہے جو زندگی کے امتحان سے گزر رہا ہو، جو اپنی خواہشات کے در پر بار بار دستک دیتا ہو اور پھر بھی خالی ہاتھ رہ جاتا ہو۔

لیکن رک کر سوچنا ہوگا کہ یہ سوال صرف ہماری زبان کا نہیں، ہماری سوچ کا آئینہ بھی ہے۔ ہم اکثر عطا کو صرف دولت، عہدہ، شہرت یا دنیاوی کامیابی سے جوڑ لیتے ہیں۔ اگر یہ سب نہ ملے تو ہم سمجھتے ہیں کہ اللہ نے کچھ نہیں دیا۔ حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ اللہ کبھی کسی کو خالی ہاتھ نہیں چھوڑتا۔

- Advertisement -
Ad imageAd image

یہ ہمارا محدود ذہن ہے جو سمجھتا ہے کہ اگر ہماری مانگی ہوئی چیز نہیں ملی تو کچھ بھی نہیں ملا۔ حالانکہ کبھی نہ ملنا بھی ایک عطا ہے۔ وہ جو سب جانتا ہے، وہ جو ہر دل کے اندر کے راز سے واقف ہے، وہ بندے کو وہی دیتا ہے جو اس کے حق میں بہتر ہوتا ہے۔

قرآن کہتا ہے "اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو، اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے لیے نقصان دہ ہو۔” (البقرہ: 216)

یہ آیت ہماری آنکھوں سے پردے ہٹاتی ہے۔ ہم صرف لمحۂ موجود دیکھتے ہیں، جبکہ اللہ انجام دیکھتا ہے۔ ہم خواہش کی میٹھی تصویر میں کھوئے ہوتے ہیں، لیکن وہ جانتا ہے کہ اس تصویر کے پیچھے کون سا کانٹا چھپا ہے۔

یاد رکھیے، اللہ کی طرف سے تاخیر کبھی انکار نہیں ہوتی۔

کبھی وہ ہمیں آزماتا ہے، تاکہ ہمارے اندر صبر کی طاقت پیدا ہو۔ کبھی وہ دیر کرتا ہے، تاکہ ہم دعا کرتے کرتے اس کے اور قریب آ جائیں۔ کبھی وہ روک لیتا ہے، تاکہ ہماری نیت صاف ہو۔ کبھی وہ چھین لیتا ہے، تاکہ ہمیں اصل دینے والے کا پتہ چل سکے۔ اگر ہر دعا فوراً قبول ہو جائے تو انسان دعا کی لذت، صبر کا مزہ اور توکل کا سکون کبھی نہ جان سکے۔

- Advertisement -

زندگی میں ایسے بھی لمحے آتے ہیں جب لگتا ہے کہ دعاؤں کے دروازے بند ہیں۔ لیکن یہ احساس ہی اصل میں ایک پکار ہے کہ بندہ اپنے رب کے قریب ہو جائے۔ اللہ کبھی خاموش نہیں ہوتا، اس کی خاموشی بھی ایک حکمت ہے۔ ہو سکتا ہے وہ ہمیں وہ طاقت دے رہا ہو جو آزمائش کے بغیر نہ ملتی۔ ہو سکتا ہے وہ ہمیں کسی بڑے نقصان سے بچا رہا ہو۔ ہو سکتا ہے وہ ہمیں اس سے زیادہ دے رہا ہو جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

ہم میں سے ہر شخص نے کبھی نہ کبھی ایسی چیز مانگی ہے جو بعد میں مل کر دکھ میں بدل سکتی تھی۔ کبھی کسی رشتے کی ضد کی، کبھی کسی نوکری کی خواہش کی، کبھی کسی خواب کے پیچھے بھاگے، اور جب وقت گزرنے کے بعد اس کی حقیقت کھلی تو دل نے خود کہا: شکر ہے کہ یہ دعا قبول نہ ہوئی۔ یہ شکر ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ اللہ ہر دعا کا انجام ہم سے بہتر جانتا ہے۔

اللہ کا دینا صرف مال میں نہیں ہوتا۔صحت، ایمان، سکون، ایک محبت بھرا دل، دعا کرنے کی توفیق، یہ سب اس کی نعمتیں ہیں۔ اگر ہمیں سجدے کا مزہ مل رہا ہے تو یہ دنیا کے ہر خزانے سے بڑھ کر ہے۔ اگر دل میں امید باقی ہے تو یہ کسی بڑے انعام سے کم نہیں۔ جو شخص یہ سمجھ لے کہ عطا کا مطلب صرف دنیاوی آسائش نہیں، وہ ہر حال میں مطمئن رہتا ہے۔

- Advertisement -

کبھی کبھی اللہ ہمیں خالی جیب مگر بھرے دل کے ساتھ رکھتا ہے تاکہ ہم جان لیں کہ اصل دولت دل کی دولت ہے۔ کبھی وہ ہمیں بے یار و مددگار کر دیتا ہے تاکہ ہم صرف اسی کا سہارا تلاش کریں۔ یہ وہ رب ہے جو ہمارے آنسو گرتے دیکھتا ہے، دل کی دھڑکن سنتا ہے، اور پھر ایسی جگہ سے رزق دیتا ہے جہاں کا گمان بھی نہیں ہوتا۔

زندگی کی ہر محرومی میں ایک پیغام چھپا ہوتا ہے۔اگر دعا پوری نہیں ہو رہی تو شاید راستہ بدلنے کی ضرورت ہے۔ اگر کامیابی دیر سے آ رہی ہے تو شاید ہم ابھی اس کے لائق نہیں بنے۔ اگر لوگ ساتھ چھوڑ رہے ہیں تو شاید اللہ ہمیں خود سے بات کرنا سکھا رہا ہے۔ یہ سب اتفاق نہیں، یہ ایک رب کی بہترین منصوبہ بندی ہے۔

لہٰذا جب دل پھر سوال کرے، اللہ مجھے کچھ کیوں نہیں دے رہا؟ تو رک کر اپنے آس پاس دیکھو۔ تمہاری سانسیں، تمہارا ایمان، تمہاری دعا کرنے کی قوت، تمہارا دل جو اب بھی رب کی طرف پلٹتا ہے۔یہ سب کچھ اس کی دی ہوئی نعمتیں ہیں۔ وہ جو تمہیں ہر رات جگا کر اپنے سامنے کھڑا کر رہا ہے، وہ تمہیں کبھی خالی نہیں رکھ رہا۔

اصل سوال یہ نہیں کہ اللہ ہمیں کچھ کیوں نہیں دے رہا، اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے اس کی دی ہوئی چیزوں کو پہچانا؟

شاید ہم اس کے شکر گزار نہیں، شاید ہم نے مانگی ہوئی چیز کو اپنی عبادت بنا لیا ہے، شاید ہم نے دینے والے سے زیادہ مانگے ہوئے کو چاہا ہے۔ اللہ جب دیکھتا ہے کہ بندہ مانگی ہوئی چیز کو خدا بنا بیٹھا ہے تو وہ اسے روک لیتا ہے، تاکہ بندہ اصل رب کی پہچان کرے۔

اے دلِ نادان!جو رب تمہیں سانس دے رہا ہے، جو تمہیں ہر صبح نئی زندگی دیتا ہے، جو تمہیں اپنی رحمت کے سائے میں چھپا رہا ہے، وہ تمہیں خالی کیسے چھوڑ سکتا ہے؟ اس کی عطا کبھی کم نہیں، ہماری نظر کمزور ہے۔ جو آج تمہیں محرومی لگ رہی ہے، کل تمہاری سب سے بڑی نعمت بن کر سامنے آئے گی۔

اللہ کی ہر "نہیں” کے پیچھے ایک بڑی "ہاں” چھپی ہوتی ہے۔

صبر کا دامن پکڑ لو، شکر کی عادت ڈال لو، دعا جاری رکھو۔ یاد رکھو، دینے والا کبھی تھکتا نہیں، صرف پرکھتا ہے۔ جب وقت مکمل ہوتا ہے، جب بندہ تیار ہوتا ہے، تب وہ اتنا دیتا ہے کہ آنکھیں حیران اور دل سجدے میں جھک جاتا ہے۔

لہٰذا آج کے بعد یہ نہ کہو کہ اللہ تمہیں کچھ نہیں دے رہا۔کہو اللہ مجھے وہی دے رہا ہے جو میرے لیے سب سے بہتر ہے، چاہے میں ابھی نہ سمجھ سکوں۔ یہی یقین دل کا سب سے بڑا سکون ہے، یہی ایمان کی اصل خوشبو ہے۔

1Like
0Dislike
100% LikesVS
0% Dislikes

You Might Also Like

شخص نہیں شخصیت ہیں، ڈاکٹر عمار رضوی

بریلی سانحہ: کیا زمانے میں پَنپنے کی یہی باتیں ہیں؟

کتاب سنیمائی چہرے: ایک فکری اور تہذیبی مطالعہ

علم و خدمت کا عہد ساز رہنما: مولانا سراج احمد قمر

ڈاکٹر طارق قمر: عہد حاضر کا معتبر شاعر

TAGGED:اللہدعادعا قبول کیوں نہیں ہوتیدعا کی قبولیت
Share This Article
Facebook Twitter Whatsapp Whatsapp LinkedIn Telegram Email Copy Link Print
Previous Article جمعیۃ علماء شہر کانپور کی مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد جمعیۃ علماء شہر کانپور کی مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد
Next Article جمعیۃ علماء کی ووٹر بیداری مہم کا آغاز
Leave a review

Leave a review جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Please select a rating!

دین کا حقیقی مطلب مکمل دستور حیات ہے
ڈاکٹر سمیرہ قیوم کو سر سید ایوارڈ سے نوازا گیا
امین الحق عبداللہ قاسمی جمعیۃ علماء اترپردیش کے ناظمِ اعلیٰ منتخب
نفرت کی سیاست وقتی ہوتی ہے، لیکن محبت کی طاقت دائمی ہے: مولانا ارشد مدنی
جمعیۃ علماء کی ووٹر بیداری مہم کا آغاز

Advertise

ہمارا موبائل اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کریں

NewsG24بھارت میں پروپیگنڈہ خبروں کے خلاف ایک مہم ہے، جو انصاف اور سچائی پر یقین رکھتی ہے، آپ کی محبت اور پیار ہماری طاقت ہے!
© NewsG24 Urdu. All Rights Reserved.
  • About Us
  • TERMS AND CONDITIONS
  • Refund policy
  • سپورٹ کریں
  • Privacy Policy
  • پیام شعیب الاولیاء
  • Contact us
Welcome Back!

Sign in to your account

Lost your password?