کانپور (محمد عثمان قریشی) امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی نے کہاکہ مورخہ 29؍جون کو وقف بچائو دستور بچائو کانفرنس میں شرکت کے لئے ایک اسکارپیو ضلع پورنیہ سے آئی تھی، یہ گاڑی واپسی کے وقت ارریہ کسیار گاؤں کے قریب اچانک ٹائر پھٹنے کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگئی، گاڑی کے نقصان کے ساتھ گاڑی پر سوار کئی لوگ شدیدطورپر زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لئے پورنیہ کے متعدد ہاسپٹل میں ایڈمیٹ کیاگیا، اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر قاضی شریعت پورنیہ مولانا محمد ارشد قاسمی کی معیت میں ایک مقامی وفد نے ان متاثرین کی فوری خبر گیری کی، اس کے بعد حضرت امیر شریعت نے مرکزی دفتر سے ایک وفد ان حضرات کی عیادت واعانت کے لئے بھیجنے کا حکم دیا.
چنانچہ مرکزی دفتر سے ایک وفد مورخہ1؍جولائی کو نائب ناظم امارت شرعیہ مولانامفتی محمد سہراب ندوی قاسمی کی قیادت میں پورنیہ پہونچا اور متاثرین کی عیادت کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا
رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے، البتہ جناب مولانا زبیر، حافظ طیب اور معین کو سخت چوٹ آئی ہے. یہ تینوں افراد پورنیہ میں زیر علاج ہیں، بقیہ حضرات کو معمولی چوٹ آئی تھی، جو ابتدائی علاج کے بعد گھر جا چکے ہیں.
وفد نے گلیکسی ہاسپٹل ،پٹنہ ہیلتھ کیئر اورسہارا ہاسپٹل پہونچ کر متاثرین اور ان کے تیماردار اہل خانہ سے ملاقات کی،ڈاکٹروں سے براہ راست رابطہ کیا، بحمد للہ یہ تینوں حضرات بھی روبصحت ہیں، اور ڈاکٹروں نے اطمینا ن کا اظہار کیاہے، وفد نے وقتی تعاون پیش کرنے کے ساتھ حضرت امیر شریعت کا سلام و پیغام پہونچاتے ہوئے کہا کہ اس تکلیف کی گھڑی میں امارت شرعیہ آپ کے ساتھ ہے اورانشاء اللہ آپ سب کی ہرممکن مدد کی جائے گی،وفد کی ملاقات اور امیر شریعت کے پیغام سے متاثرین اوران کے اہل خانہ کو بڑا سکون ملا، مقامی طوپر یومیہ ان حضرات کے حالات کی خبر گیری اور علاج ومعالجہ میں بہتر سہولت کی فراہمی کے لئے مقامی طورپر قاضی شریعت پورنیہ مولانا محمد ارشد قاسمی، رکن شوریٰ مولانا وحیدالزماں قاسمی، امام وخطیب جامع مسجد خزانچی اور ماسٹر انوار کریم، چیرمین آئی ٹی آئی پورنیہ کی ٹیم بنادی گئی ہے، یہ حضرات مرکزی دفتر کو بھی حالات سے باخبر کرتے رہیں گے۔
قائم مقام ناظم نے اپنی طرف سے ان تمام متاثرین اوران کے اہل خانہ سے گذارش کی ہے کہ صبر سے کام لیں ، ہم سب متاثرین کی کی بہتر صحت کے لئے دعا گوہیں اور ہرطرح آپ سب کے ساتھ ہیں،قائم مقام ناظم نے ان متاثرین کے لئے عام مسلمانوں سے بھی دعاء کی درخواست کی ہے،
وفد میں نائب ناظم کے علاوہ رفیق شعبہ تبلیغ مولانا رئیس اعظم، قاضی شریعت مولانا محمد ارشد قاسمی، رکن شوریٰ مولانا وحیدالزماں قاسمی و مولانا محمودالحسن اور جناب انوار کریم شامل تھے۔