بانسی/براؤں شریف/ مشہور و معروف عالمِ دین اور مفسرِ قرآن حضرت انجم العلماء علیہ الرحمہ کے علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے اکیسویں عرس مبارک کے موقع پر ایک عظیم الشان پروگرام "بیاد انجم العلماء” 20 اگست بروز بدھ بعد نمازِ مغرب براؤن شریف میں منعقد ہوگا۔
پروگرام کے کنوینر قاری آفتاب عالم عثمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تقریب حضرت انجم العلماء کی یاد میں مثالی حیثیت رکھے گی اور اس کا مقصد نئی نسل کو حضرت کے علمی و فکری ورثے سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت انجم العلماء کا شمار برصغیر کے ان جید علما میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت اور قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے کے لئے وقف کر دی۔
تقریب کی سرپرستی خانقاہ فیض الرسول کے سجادہ نشین اور ناظمِ اعلی دارالعلوم فیض الرسول براؤں شریف، مفکر اسلام علامہ غلام عبدالقادر علوی کریں گے۔ اس بزم کی صدارت اور خصوصی خطاب نبیرہ شعیب الاولیاء، پیر مفتی محمد آصف علوی ازہری، نائب سجادہ نشین خانقاہ فیض الرسول و مہتمم دارالعلوم فیض الرسول کے سپرد ہوگا۔
اس کے علاوہ تقریب کی قیادت ماہر علوم و فنون علامہ علی حسن علوی ازہری، پرنسپل دارالعلوم فیض الرسول انجام دیں گے، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے نبیرہ شعیب الاولیاء، پیر محمد شعیب علوی ازہری، معتمد اعلی خانقاہ فیض الرسول شرکت فرمائیں گے۔
قاری آفتاب عالم عثمانی نے مزید کہا کہ حضرت انجم العلماء کا علمی سرمایہ آج کی نوجوان نسل کے لئے چراغِ راہ ہے۔ ان کی تعلیمات میں اخلاص، ایثار اور علم دوستی کی خوشبو نمایاں ہے، جو موجودہ دور کے لئے نہایت ضروری اوصاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت کو حضور شعیب الاولیاء سے بے پناہ محبت و عقیدت تھی، اور یہی تعلق ان کی دینی زندگی کا روشن باب ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنے علمی و فکری سفر میں حضرت انجم العلماء کی حیات و خدمات سے رہنمائی حاصل کریں، تاکہ معاشرے میں دین اور سنیت کا پیغام مزید مضبوطی کے ساتھ پھیل سکے۔