بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) بزم عزیز کے بانی اور صدر الحاج نصیر انصاری کی رہائش گاہ پر بزم عزیز بارہ بنکی کا سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت معروف شاعر ضمیر فیضی نے کی اور نظامت ھزیل لعل پوری نے کی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا حافظ و قاری عبدالستار بلالی مختار فاروقی اور عدیل منصوری شریک ہوئے اس بار دو مصرع طرح دیے گئے تھے، صبا لے کے آئی ہے بوئے مدینہ – خدا کا پاک دیں لے کر حبیب کبریا آئے مشاعرے میں پڑھے جانے والے اشعار نذر قارئین ہیں۔
نہیں ہے یہاں کام دیوانگی کا
ادب سے چلو یہ ہے کوۓ مدینہ
ضمیر فیضی
نظر والوں نے اُس میں دیکھ لی اللہ کی صورت
بشکل آئینہ جب مظہر رب العلیٰ آئے
نصیر انصاری
وہی ہیں نازش کون و مکاں اور رحمت عالم
جو بی بی آمنہ کے گھر محمد مصطفیٰ آئے
قاری عبدالستار بلالی
سبھی کرتے ہیں گفتگوۓ مدینہ
ہر اک دل میں ہے آرزوۓ مدینہ
عدیل منصوری
کروں کیوں نہ میں ناز قسمت پہ اپنی
کہ حسرت چلی لے کے سوۓ مدینہ
مختار فاروقی
مرا جی چاہتا ہے چوم لوں میں اُنکی آنکھوں کو
نبی کے شہر کی جو دیکھ کر نوری فضا آئے
حافظ اثر سیدنپوری
مدینے کو رہتی ہے کعبے کی حسرت
ہے کعبے کو بھی آرزوۓ مدینہ
طفیل زید پوری
اندھیروں میں بھٹکتے تھے سبھی انسان دنیا کے
دکھانے راہ سیدھی ہم سبھی کے رہنما آئے
سرور کنتوری
نبی جتنے بھی آئے ساتھ لے کر معجزہ آئے
سراپا معجزہ بن کر محمد مصطفیٰ آئے
قاری عظیم مشائخی
نہیں تھا کوئی جن کا مونس و غمخوار دنیا میں
نبی پاک بن کر اُن کی خاطر آسرا آئے
شمس زکریاوی
ہمارے واسطے ایمان کی لے کر ضیاء آئے
مٹانے کفر باطل کا اندھیرا مصطفیٰ آئے
حسان ساحر
اندھیرے نفرتوں کے ہو گئے کافور دم بھر میں
مرے سرکار لے کر جب محبت کی ضیا آئے
عارف شہاب پوری
بڑھیں تاریکیاں جب کفر کی سارے زمانے میں
خدا کا نور لے کر دہر میں نورالہدیٰ آئے
نظر مسولوی
اس کے علاوہ ھزیل لعل پوری مشتاق بزمی بشر مسولوی ماسٹر عرفان بارہ بنکوی اسلم سیدن پوری نفیس بارہ بنکوی ماسٹر شعیب کامل صبا جہنگیرآبادی نے بھی اپنے اپنے کلام پیش کیے۔
آخر میں صاحب خانہ الحاج نصیر انصاری نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ کا مشاعرہ درج ذیل مصرع طرح پر ہوگا۔
زندگی کی دوڑ میں کیوں آپ پیچھے رہ گئے
قوافی پیچھے کیسے کرتے وغیرہ اور ردیف رہ گئے