راجناتھ سنگھ کو مبارکباد، وزیراعظم کی قیادت کو سراہا
لکھنؤ،(ابوشحمہ انصاری)اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر عمار رضوی نے بھارت اور امریکہ کے درمیان دس سالہ دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس معاہدے پر امریکہ کی جانب سے پیٹ ہیگسیتھ نے کوالالمپور (ملیشیا) میں دستخط کیے۔
ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب بھارت اپنی اقتصادی خودکفالت، دفاعی طاقت میں اضافے، اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر پالیسیوں کے ساتھ عالمی برادری میں ایک باوقار مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی منظرنامے میں بھارت کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور یہ معاہدہ اسی حقیقت کا مظہر ہے کہ دنیا بھارت کی دفاعی صلاحیت اور سفارتی بصیرت کو تسلیم کر رہی ہے۔ عمار رضوی نے اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی متحرک قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں وزارتِ دفاع نے جو تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اُن کی بدولت آج بھارت دنیا کے ترقی یافتہ اور طاقتور ممالک کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بھارت اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس، اور اسٹریٹیجک تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ذریعہ بنے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا اشتراک نہ صرف دفاعی شعبے کو تقویت دے گا بلکہ خطے میں امن و انصاف پر مبنی عالمی نظام کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر رضوی نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرائی دے گا اور بھارت عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، مضبوط اور بااعتماد طاقت کے طور پر اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرے گا۔





