کانپور (محمد عثمان قریشی) جامعہ اشرف المدارس گد یانہ میں گیارہویں شریف کے مبارک موقع پر حضور غازی اسلام حضرت علامہ مولانا محمد ہاشم اشرفی صاحب امام عیدگاہ گد یانہ کی سے پرستی میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ قرآن خوانی، و جشن تاجدار بغداد کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام و نعت خواں حضرات اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے اپنے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد احمد اشرفی نے حاصل کی نظامت کے فرائض حافظ محمد ارشد اشرفی نے بحسن و خوبی انجام دیے اس کے بعد بارگاہِ رسالتِ مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوا نعت خواں حضرات نے اپنے پراثر اور دلنشین انداز میں حضور سرورِ کائنات ﷺ کی مدحت سرائی کی عاشقانِ رسول ﷺ "یا رسول اللہ ﷺ” اور "یا غوث الاعظمؓ” کے نعرے لگاتے رہے اور فضا ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے گونجتی رہی.
مولانا فتح محمد قادری نے اپنے خطاب میں حضور غوث الاعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادتِ باسعادت، حیاتِ طیبہ اور خدماتِ جلیلہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی قاری سید قاسم برکاتی نے کہا کہ حضور غوث پاکؓ نے اپنے وقت میں دینِ اسلام کے تحفظ اور اشاعت کے لیے جو کارہائے نمایاں انجام دیے، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔ آپ کی تعلیمات سے ہمیں اتحاد، اخوت، دین پر ثابت قدمی اور دنیا و آخرت کی بھلائی کا درس ملتا ہے۔
محفل میں ذکر و اذکار اور صلوٰۃ و سلام کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔ حاضرین نے با ادب کھڑے ہو کر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے۔ اس روح پرور منظر نے سامعین کے دلوں کو منور کر دیا اور ہر ایک پر ایک خاص روحانی کیفیت طاری رہی۔
اختتامی دعا میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک و ملت کی ترقی اور امن و سکون کی دعائیں مانگی گئیں۔
دعا کے بعد فاتحہ خوانی کی گئی اور لنگرِ غوثیہ تقسیم کیا گیا اس موقع پر بطور خاص مولانا محمود حسان اختر علیمی،مولانا آزاد خان اشرفی،مولانا محمد کلیم قادری،مولانا سفیان احمد مصباحی،مولانا مسعود مصباحی،مولانا گل محمد جامعی ،مولانا معظّم جامعی،حافظ مسعود رضا اشرفی،چاند قادری ،حافظ حشمت اللہ،مہتاب عالم عرف گدّو ،رمضان علی و غیرہ موجود رہے