کانپور: مسلمانان ہند کی سب سے قدیم، متحرک اور فعال تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے تعمیری و تربیتی پروگراموں اور کارکنان جمعیۃ کو جدید تقاضوں کے مطابق کام کے طریقہ کار سے واقف کرانے، تنظیمی استحکام، ممبر سازی مہم اور زون کے اجلاس عام جیسے اہم مسائل پر غور و خوض کیلئے، جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت کے مطابق جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جملہ اراکین منتظمہ و مدعوئین خصوصی کا ایک روزہ مذاکراتی اجتماع آج مورخہ 12/ جنوری2025ء بروز اتوار صبح 9 بجے سے مغرب تک جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہورہا ہے۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتلایا کہ اجتماع میں جمعیۃ علماء ہند کے اصول کار، طریقہ کار اور دائرہ کار،تعمیری پروگراموں اور شعبہ جات کا تعارف، شہری یونٹ کی کارکردگی، ہیٹ کرائم سے نپٹنے کا طریقہ کار اور جیم کا تعارف، دینی تعلیمی بورڈ کی کارکردگی، جمعیۃ علماء یوتھ کلب، ملت فنڈ، شعبہئ اصلاحِ معاشرہ، تحفظ مدارس، جن وکاس سیوا، اوقاف اور زون کے اجلاس عام سے متعلق مفید معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ مولانا نے بتایا کہ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء وسطی زون اترپردیش کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی، ذاکر حسین کالج نئی دہلی کے اسسٹنٹ پروفیسر مولانا ڈاکٹر عبدالملک قاسمی اور دیوبند اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا مہدی حسن عینی قاسمی بطور مہمان تشریف لارہے ہیں۔ مولانا نے جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جملہ اراکین منتظمہ و مدعوئین خصوصی سے گزارش کی ہے کہ وہ وقت مقررہ پر شرکت کی کوشش کریں۔