کانپور(محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء اترپردیش کے ناظمِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے اعزاز میں پورے صوبے میں جہاں مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں شہر کانپور میں بھی خوشی کی لہر ہے۔
کرنیل گنج میں انجمن نوجوانانِ مدنی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان استقبال کا اہتمام کیا گیا، جس نے علاقے میں ملی جوش و خروش کی نئی فضا پیدا کردی۔
استقبال کے موقع پر سینکڑوں نوجوانان و عوام نے جمعیۃ علماء کے جھنڈے ہاتھوں میں لیے ہوئے پُرجوش نعروں کے ساتھ قافلہ نظام العلوم اسکول تک پہنچا۔ اسکول کے دروازے پر عوام کا جمِ غفیر موجود تھا، جنہوں نے مولانا کا ہار پھولوں سے والہانہ استقبال کیا۔ ماحول مکمل طور پر جذبہ عقیدت، ملی اتحاد اور تنظیمی وابستگی سے معمور تھا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے نہایت عاجزی اور سنجیدگی کے ساتھ اپنے انتخاب پر شکریہ ادا کیا اور فرمایا میں اپنے تمام ساتھیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے محبتوں اور دعاؤں سے میرا حوصلہ بڑھایا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس وقت ہندوستان کے مسلمان، خصوصاً اترپردیش کے مسلمان، بہت سے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے وقت میں جمعیۃ علماء ہند کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ لوگ امید اور اعتماد کی نگاہوں سے جمعیۃ علماء کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصب میرے لیے عزت کے ساتھ ساتھ ایک بڑا بوجھ اور امتحان ہے۔ جمعیۃ علماء ملک میں ملتِ اسلامیہ کی آواز ہے۔ اس ادارے کو مضبوط کرنا صرف علماء کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر دردمند مسلمان کا فریضہ ہے۔ اگر ہم سب اخلاص اور اتحاد کے ساتھ جمعیۃ کے پلیٹ فارم پر متحد رہیں تو ان شائاللہ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکیں گے۔
اس موقع پر قاری عبدالمعید چودھری کے جمعیۃ علماء اترپردیش کے سیکریٹری منتخب ہونے پر بھی ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ قاری عبدالمعید چودھری کی شمولیت جمعیۃ کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرے گی۔
پروگرام میں شہر کے مختلف علاقوں سے علمائے کرام، ائمہ مساجد، طلبہ، معزز شہری، اور جمعیۃ کے کارکنان نے شرکت کی۔ ہر چہرے پر خوشی، جوش اور عزم کا امتزاج نمایاں تھا۔
شرکاء میں جنیدمدنی میڈکل اسٹور،انصار،منظور علی چودھری،سید صابر علی،حافظ محمدعابد،ناشر بھائی البشرا،شیخ محمدشعیب،محمدنعمان،صادق امین،مولانا زید حنفی،مولانا معراج الحق،شامل رہے ۔