ایک مرتبہ پھر ڈاکٹر حلیم اللہ خان صدر اور امین الحق عبداللہ قاسمی جنرل سکریٹری منتخب
نئے تین سالہ ٹرم کیلئے شہری جمعیۃ علماء کا انتخابی اجلاس منعقد،صدر، نائبین صدور، جنرل سکریٹری اور خازن منتخب کیے گئے
کانپور (محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء شہر کانپور کا انتخابی اجلاس نہایت شاندار اور پُر وقار ماحول میں ڈاکٹر حلیم اللہ خان کی صدارت میں منعقد ہوا
جس میں بطور آبزرور جمعیۃ علماء وسطی زون اترپردیش کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی شریک ہوئے۔اجلاس کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ بعد ازاں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔
مولانا عبداللہ نے جمعیۃ علماء کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کانپور شہر سے ایک لاکھ ممبر سازی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور الحمدللہ ہم اس منزل کے قریب تر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔اسی طرح شہر میں 17/ وارڈ یونٹوں کا قیام عمل میں آیا، اور مزید ۸/ یونٹوں کا انتخاب جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد اسمبلی یونٹوں کا انتخاب ہوگا۔
جمعیۃ علماء کے قدیم خادم اور روزنامہ انوار قوم کے مدیر زبیر احمد فاروقی نے صدارت کے لئے ڈاکٹر حلیم اللہ خان کا نام پیش کیا جسے اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ شرکاء نے اس موقع پر ان کی 86 سالہ عمر کے باوجود سرگرم خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔گزشتہ ٹرم میں چار نائبین صدور تھے۔ ایک نشست محمود عالم قریشی کے انتقال کے بعد خالی ہوگئی تھی۔
اس موقع پر ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے سینئر سکریٹری زبیر احمد فاروقی کا نام نائب صدر کے طور پر پیش کیا۔ اگرچہ انہوں نے ابتدا میں انکار کیا لیکن اراکین کے اصرار پر یہ ذمہ داری قبول کرلی۔نئے ٹرم کے لئے مولانا محمد انیس خان قاسمی، مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا محمد اکرم جامعی اور زبیر احمد فاروقی نائب صدر منتخب ہوئے۔جنرل سکریٹری کے لئے ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کا نام تجویز کیا۔ تمام اراکین نے متفقہ طور پر ان کے نام کی توثیق کی۔ خازن کے عہدے پر مولانا انیس الرحمن قاسمی منتخب ہوئے۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ فی الحال سکریٹریاں اور محاسب وغیرہ کے عہدے تحلیل کردئے گئے ہیں۔ صدر محترم کی مشاورت سے جلد مجلس عاملہ تشکیل دی جائے گی اور ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
اختتامی کلمات میں آبزرور مفتی ظفر احمد قاسمی نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور جمعیۃ کی حالیہ خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء نے ہمیشہ دین و ملت کی قیادت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور امید ہے کہ نئے ذمہ داران اس روایت کو مزید وسعت دیں گے۔
اجلاس دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوا۔