باقرگنج بابوپوروہ میں آتشزدگی پر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کا اظہار افسوس، امداد کی یقین دہانی
کانپور (محمد عثمان قریشی) جمعیۃعلماء اتر پردیش کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے شہر کے ساؤتھ حلقہ میں اہم علاقہ بابوپور وہ واقع باقرگنج بازار میں میں 150سے زائد دکانوں میں آتشزدگی کے سانحہ پر اظہار افسوس کے ساتھ ہی امداد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 100 سال سے زیادہ عرصہ سے لگنے والے اس بازار میں بارہا حادثات ہونے کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔
مولانا نے مقامی انتظامیہ اور فائر محکمہ کے عملہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے انہو ں نے آگ پر قابو پایا اور اسے پھیلنے سے روک کر مزید نقصان ہونے سے بچانے کا کام کیا، ہم اس کی سراہنا کرتے ہیں۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے مقامی یونٹ کے ذمہ داران مولانا انصار احمد جامعی،مولانا انیس الرحمن قاسمی،قاری عبد المعید چودھری کے حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ ٹین شیڈ اور کچی دکانیں ہونے کے سبب سابقہ میں بھی اس طرح کے حادثات رونما ہو چکے ہیں،
اس کا خمیازہ دکانوں اور اس سے جڑے سینکڑوں خاندانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریشانی کی اس گھڑی میں ہماری تنظیم جمعیۃ علماء تمام متاثرہ دکانداروں کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے ضلع انتظامیہ اور حکومت کے نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ دکانداروں کے نقصان کا معاوضہ یقینی بنانے کے ساتھ ہی پکی دکانیں بنا کر دیاجائیں اور ان کی حفاظت کا مستقل بندوبست کیا جائے۔
آخر میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے بتایا کہ جلد ہی جمعیۃ علماء شہر کی ایک ٹیم موقع کا معائنہ اورمتاثرین سے ملاقات کر ان کے مسائل کو حل کرانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کر اقدامات کرے گی۔





