لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری) مومن انصار سبھا کے قومی صدر محمد اکرم انصاری نے اعلان کیا ہے کہ سبھا کی 16ویں سالانہ رکنیت مہم یکم ستمبر 2025 سے ملک گیر سطح پر شروع ہو گئی ہے، جو 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ دن سبھا کی محنت، اتحاد اور کامیابی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں مستقبل کے نئے عزائم کی طرف بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
محمد اکرم انصاری نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سبھا نے بے شمار مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کیا لیکن اللہ کے کرم اور کارکنان کی انتھک محنت سے ہر رکاوٹ کو عبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سبھا کے ہر رکن اور ہر عہدیدار کی قربانی اور لگن قابلِ تحسین ہے، جن کی بدولت یہ کارواں آگے بڑھتا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے برس تعلیم کے فروغ، تحفظ کے اقدامات اور سماجی خدمات کے میدان میں سبھا کی جدوجہد نے نمایاں نتائج دیے، جس سے ملت کو سہارا اور اعتماد حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رکنیت مہم محض ایک رسمی عمل نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنی تنظیمی طاقت بڑھانے، اتحاد کو مزید مستحکم کرنے اور آنے والے دنوں کے لیے نئے اہداف طے کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اکرم انصاری نے کہا کہ جب ہم سب یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ قدم بڑھاتے ہیں تو کوئی منزل مشکل نہیں رہتی۔ ملت کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینا ہمارا عزم ہے اور یہ جدوجہد ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت بھی ہے۔
قومی صدر نے الانصار کمپلیکس، مولوی گنج لکھنؤ میں پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ افراد سبھا کی رکنیت حاصل کریں تاکہ تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور اجتماعی سطح پر خدمت کے کام آگے بڑھ سکیں۔