سفر بھتہ بڑھنے سے علاقائی مسائل کے حل میں مدد ملے گی: ڈاکٹر عمار رضوی
بارہ بنکی/لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری) سابق اراکینِ اسمبلی کی تنظیم اتر پردیش سنسدیہ سنستھان کے صدر اور اتر پردیش کے سابق کارگزار وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر سابق اراکینِ اسمبلی کے مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان کی پنشن اور سفر بھتہ میں اضافہ کی منظوری فراہم کرنے پر اپنی جانب سے اور سنسدیہ سنستھان کے تحت صوبے کے تمام سابق اراکینِ اسمبلی کی جانب سے شکریہ اور مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سابق اراکینِ اسمبلی کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے پارلیمانی امور اور وزیر خزانہ سریش کھنہ نے اس تعلق سے اتر پردیش سنسدیہ سنستھان کے مطالبات کو وزیر اعلیٰ تک پہنچانے میں مکمل تعاون اور مدد فراہم کی ہے، جس کے لیے سنسدیہ سنستھان ان کا بھی ممنون و شکر گزار ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے امید ظاہر کی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ جیسے ترقی پسند اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے فعال و پُرجوش قیادت کی سرپرستی اور رہنمائی سابق اراکینِ اسمبلی کو مستقبل میں بھی حاصل ہوتی رہے گی۔
اتر پردیش سنسدیہ سنستھان کے ترجمان روی پرکاش نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے تئیں اظہارِ تشکر کے لیے ایک اعزازی تقریب کے انعقاد کی غرض سے وزیر اعلیٰ سے وقت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔