قصبہ سٹی میں عظیم الشان جلسہ سیرتِ صحابہؓ کا انعقاد، علما و عوام کی کثیر تعداد میں شرکت
کانپور دیہات(محمد عثمان قریشی) انجمن اصلاح المسلمین قصبہ سٹی کے زیر اہتمام تاریخی اجلاس بعنوان سیرتِ صحابہؓ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں علاقہ و اطراف کے ممتاز علماء، ائمہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسہ کے مقررِ خصوصی جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے صحابہؓ و اہل بیتؓ کو ایمان و عقیدے کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات پر تنقید دراصل اللہ کے انتخاب اور رسول ﷺ کی تربیت پر انگلی اٹھانا ہے۔ صحابہؓ کو اللہ نے چنا، نبیؐ نے ان کی تربیت فرمائی، اللہ نے ان کا امتحان لیکر ان کیلئے اپنی رضا اور جنت کا پروانہ جاری کردیا۔
مولانا نے بتلایا کہ کسی بھی صحابئ رسول کی نیت پر حملہ کرنا قرآن کی انکار کے مترادف ہے، اللہ پاک نے قرآن میں ان کے اخلاص کا اعلان فرمایا ہے مولانا نے عقیدہ بتلاتے ہوئے کہا کہ نبیؐ کا ہر صحابی جنتی ہے، اب اس کے عمل سے کوئی بحث نہیں کی جائے گی۔ مولانا نے کہا کہ خلفائے راشدین کی ترتیب فضیلت بھی اللہ کی جانب سے ہے اور ترتیب خلافت بھی، سیدنا صدیق اکبرؓ پر کسی کو فوقیت دینا امت کے اجماعی موقف سے انحراف کرنا ہے، جو کہ شدید گمراہی و ضلالت کا سبب ہے۔
کانپور دیہات کے معروف مقرر مولانا نعمت اللہ راجپوری نے شہداء کا مقام و مرتبہ بیان کرتے ہوئے سیدنا حضرت حسینؓ کی سیرت و کردار کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا حضرت حسینؓ نے تلواروں کے سایہ میں بھی نماز قضا نہیں کی، اور ہم نمازوں کے معاملے میں حد درجہ لاپرواہ ہوچکے ہیں، یہ محبت کی علامت نہیں ہے۔
مولانا عبدالرحمن قاسمی کی زیر صدارت اور مولانا اظہار قاسمی کی زیر سرپرستی جلسے کا آغاز قاری محمد سعید کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض معروف عالم دین مفتی مجیب الرحمٰن قاسمی نے انجام دئیے۔
اجلاس میں قاری عبد المعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی، حافظ طفیل، مولانا اسماعیل، مولانا زید جامعی، مولانا کاشف، قاری خطیب، مولانا طارق قاسمی، مولانا سعود جامعی، حافظ عباد، قاری نعیم،، مفتی راشدان ندوی نجمی حسن کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام و خواص شریک رہے ۔