✍️__آصف جمیل امجدی
اندور کی زمین ہمیشہ علم و ادب کا مرکز رہی ہے، اور اسی سرزمین پر واقع "طیبہ کالج” اپنی منفرد علمی خدمات کے لیے مشہور ہے۔ 5 جنوری 2025 ء کو اس عظیم ادارے میں منعقد ہونے والے کیمپس فیسٹیول "Talentia 2k25” میں محب محترم عزیز القدر مولانا ظہور مصباحی (ٹیچر طیبہ کالج) کی خصوصی دعوت پر شرکت کا زریں موقع ملا۔ اور میرے رفیق درس محب گرامی وقار عزیز الاخص ریاض الدین امجدی بہرائچی بھی میرے ہمراہ تھے۔
طیبہ کالج دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ جب میں کالج کی عالی شان عمارت میں داخل ہوا تو ہر گوشے سے علم کی روشنی جھلکتی محسوس ہوئی۔ درس گاہوں سے لے کر لائبریری تک، ہر شعبہ اس بات کا ثبوت دے رہا تھا کہ یہاں طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
"Talentia 2k25” کا انعقاد
یہ کیمپس فیسٹیول طیبہ کالج کے منفرد تعلیمی وژن کا مظہر تھا۔ پروگرام میں پانچ مختلف زبانوں میں سو سے زائد طلبہ نے اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ یہاں تقریری مقابلے، مضمون نویسی، شعری نشست، اور دیگر ادبی سرگرمیاں دیکھ کر یقین ہو گیا کہ یہ ادارہ طلبہ کے تخلیقی جوہر کو نکھارنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔
جب میں نے پروگرام کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا تو ہر جگہ طلبہ کی بے پناہ صلاحیتیں اور علمی شوق دیکھنے کو ملا۔ کالج کے اساتذہ اور منتظمین نے جس محنت اور لگن سے اس پروگرام کو ترتیب دیا، وہ واقعی قابل تعریف تھا۔
کالج کی لائبریری کا دورہ بھی انتہائی متاثر کن تھا۔ یہاں موجود کتابوں کا وسیع ذخیرہ طلبہ کے علمی ذوق کو بڑھانے کے لیے کافی ہے۔ کلاس رومز میں موجود جدید تعلیمی سہولیات اور اساتذہ کی رہنمائی سے یہ اندازہ ہوا کہ طیبہ کالج باشندگان اندور کے لیے خاص طور پر ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے۔
اندور کی سرزمین علم و حکمت کے لحاظ سے ہمیشہ نمایاں رہی ہے، اور طیبہ کالج اس میراث کو مزید تقویت دے رہا ہے۔ یہ ادارہ اپنے آغاز سے آج تک ہزاروں طلبہ کو دینی و عصری علوم سے آراستہ کر چکا ہے۔ یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف میدانوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔
میں اپنے عزیز دوست مولانا ظہور مصباحی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے نہایت محبت کے ساتھ ہمیں مدعو کیا اور پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔ ساتھ ہی مولانا ریاض الدین امجدی بہرائچی کی رفاقت نے اس دورے کو مزید یادگار بنا دیا۔
"Talentia 2k25”
ایک ایسا پروگرام ہے جوطلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہوا۔ دعا ہے کہ طیبہ کالج اسی طرح علم و حکمت کے میدان میں اپنی روشنی بکھیرتا رہے اور مزید ترقی کی منازل طے کرے۔ یہ ادارہ واقعی اندور کے لیے باعث فخر اور یہاں کے باشندگان کے لیے ایک عظیم نعمت ۔