کانپور(محمد عثمان قریشی) حضرت شیخ علاء الحق محمد یوسف شیخ زادہ فاروقی المعروف حضرت مخدوم شاہ اعلی رحمتہ اللہ علیہ فاتح جاج مئو شریف 21/ رمضان المبارک 528ھ مطابق ماہ جولائی 1134 عیسوی زنجان ( ایران ) میں پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم والدہ ماجدہ کی آغوش رحمت میں ہوئی۔ اور پدر بزرگوار اور عم محترم کے سایہ کرم میں پروان پانی ۔ اس کے بعد مزید حصول تعلیم کے لئے بغداد شریف پہنچے اور وہاں دو سال تک مقیم رہے۔ اس مدت میں قرآن، حدیث، فقه، تفسیر ، ادب ، تاریخ غرض کہ علوم شریعت و طریقت کی تعلیم و تربیت حاصل کی اور بغداد ہی میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی حسن سنجری اجمیری رحمتہ اللہ علیہ سے شرف نیاز حاصل فرمایا اور ہفتہ عشرہ صحبت با عظمت میں رہے.
یہ واقعہ حضرت خواجہ غریب نواز کے ہندوستان تشریف لانے سے پہلے کا ہے خواجہ غریب نواز نے آپ کو خلافت و اجازت سے سرفراز فرمایا ۔ حضرت مخدوم شاہ اعلی کو خلافت سہروردیہ اور قادریہ بھی حاصل تھی۔ تکمیل علوم کے بعد بغداد سے آبائی وطن زنجان (ایران) واپس تشریف لائے وہاں سے اعلائے کلمتہ الحق کے لیے جاج مؤ کا رخت سفر باندھا۔
ان خیالات کا اظہار مدرسہ الجامعة الاسلامیہ اشرف المدارس گدیانہ میں غازی اسلام حضرت مولانا محمد ھاشم اشرفی قومی صدر آل انڈیا غریب نواز کونسل و امام عیدگاہ گد یانہ نے منعقدہ جشن مخدوم شاہ اعلی میں کیا انہوں نے مزید بتایاکہ حضرت مخدوم شاہ اعلیٰ کی دہلی آمد پر سلطان ایبک نے آپ کا پر جوش استقبال کیا ، قدم بوسی کی اور مرحبا کہا۔
پھر آپ وہاں سے جاج مؤ کے لیے روانہ ہوئے جہاں پر ایک عادل، منصف اور اللہ کے ولی کا انتظار تھا جاج مؤ شریف تشریف لاتے ہی (نوشتہ تقدیر کے مطابق) ظالمانہ اقتدار کا خاتمہ فرمایا اور حق و صداقت اور عدل و انصاف کا پرچم لہرایا جس سے بھید بھاؤ اور نفرتوں نے دم توڑا اور انسانیت، مانوتا کا بول بالا ہوا حضرت مخدوم شاہ اعلیٰ نے حیات ظاہری کے 60 ساٹھ سال جاج مئو شریف میں گزارے اور اللہ کے بندوں کو آپس میں پیار و محبت کا پاٹھ پڑھایا اور پورے خطے کو فیوض و برکات سے مالا مال فرما کر 27 / صفر المظفر 657 ھ 1259 عیسوی میں داعی اجل کو لبیک کہا یعنی آپ کا وصال ہو گیا.
مولانا اشرفی صاحب نے کہا کہ حضرت مخدوم شاہ اعلیٰ نے عمر مبارک 125 برس پائی آپ کا روضہ جاج مئو شریف میں واقع ہے جس کی تعمیر 14/ربیع الاول 761 ھ میں فیروز شاہ تغلق کے عہد میں انجینیر ابوالمبارک محمد کے زیر نگرانی ہوئی جو آج بھی عوام و خواص کے لئے مرجع خلائق ہے.
جلسہ کی صدارت عالی جناب عدنان رافع صاحب فاروقی سجادہ نشین آستانہ مخدوم شاہ اعلیٰ جاجمئو شریف نے فرمائی صاحب سجادہ اوردرگاہ کمیٹی کے صدر و سرپرست جناب ارشاد عالم کا ہار پھول سے شاندار استقبال کیا گیا.
اس سے قبل محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے قاری سید قاسم برکاتی نے کیا اور نعت و منقبت کے نذرانے یوسف رضا کان پوری،محمد حسن شبلی اشرفی ،قاری محمد احمد اشرفی نے پیش کئے نظامت کے فرائض حافظ محمد ارشد علی اشرفی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔
صلوٰة وسلام کے بعد ملک کی ترقی وامن وامان ترقی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی تبرک تقسیم کیا گیا اس موقع پر بطور خاص حافظ منھاج الدین قادری، مولانا فتح محمد قادری، مولانا سفیان مصباحی، مولانا محمود حسان اختر علیمی، مولانا محمد آزاد اشرفی، مولانا گل محمد جامعی، مولانا مسعود مصباحی، حافظ مسعود اشرفی، حافظ مشتاق اشرفی، حاجی عربی حسن، حاجی محمد اسلم، حاجی حیدر علی اشرفی، حاجی رسول بخش، صبا علی اشرفی، محمد حنیف، محمد شریف وغیرہ موجود رہے