ملک بھر کے ممتاز قراء کانپور میں جمع ہوں گے، عظمتِ قرآن پر کانفرنس کا اعلان
مولانا انیس آزاد بلگرامی کا خطاب، عالمی شہرت یافتہ قراء کی شرکت متوقع
انجمن ترتیل القرآن کی جانب سے روح پرور اجتماع کی تیاریاں شروع
قرآن کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کانپور میں شاندار کانفرنس کا انعقاد
کانپور (محمد عثمان قریشی) سابق قاضیٔ شہر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے ہاتھوں قائم انجمن ترتیل القرآن و تنظیم اہل سنت والجماعت، کانپور کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی عظیم الشان مظاہرہئ حسن قرأت و عظمتِ قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔یہ روح پرور اجتماع 23 جمادی الاول 1447ھ مطابق 15 نومبر 2025ء، بروز سنیچر بعد نمازِ عشاء لیاقت دادا چوراہا، طلاق محل کانپور میں منعقد ہوگا۔پروگرام کے روحِ رواں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے میڈیا کو بتایا کہ کانفرنس میں ملک کے ممتاز قراء کرام شریک ہوں گے، جن میں دارالعلوم دیوبند کے قاری آفتاب عالم، قاری محمد شفیق، دارالعلوم وقف دیوبند کے قاری واصف عثمانی، ندوۃ العلماء کے قاری ریاض احمد، جامعہ فلاح دارین گجرات کے قاری عبدالرحیم، جامعہ اشاعت العلوم اکل کواں کے قاری محمد جابر، سہارنپور کے قاری طیب جمال، جے پور کے قاری ہدایت اللہ اور گنگوہ کے قاری محمد صادق شامل ہیں۔اس سے قبل عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی "عظمتِ قرآن” کے موضوع پر خطاب فرمائیں گے۔مولانا قاسمی نے بتایا کہ اس کانفرنس کی بنیاد شہر کانپور میں قرآن کی خدمت کرنے والی شخصیات کی یاد میں رکھی گئی تھی، جن میں جناب کریم بخش آزاد، قاری احتشام علی، مولانا وصی الدین، مولانا ظفیرالدین، مولانا محمد مبین الحق، قاری محمد یونس، قاری محمد الٰہی، مولانا انوار احمد جامعی اور مولانا محمد شکیل رحمہم اللہ کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم مجلس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور مختلف شعبوں کے لئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ آخر میں مولانا نے تمام عاشقانِ قرآن سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخ کو نوٹ فرمالیں اور اس بابرکت اجتماع میں شریک ہوکر اپنے ایمان کو تازہ کریں۔