مدرسہ جامعہ عربیہ عاشق العلوم جوہی لال کالونی میں جلسہ فضائل ومسائل قربانی کا انعقاد
کانپور (محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام چل رہے دس روزہ فضائل و مسائل قربانی جس کے تحت ایک پروگرام مدرسہ جامعہ عربیہ عاشق العلوم، جوہی لال کالونی کانپور میں ایک روزہ عظیم الشان جلسہ فضائل ومسائل قربانی کے عنوان سے مولانا کلیم احمد جامعی کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔
جس میں مدرسہ عاشق العلوم کے استاذ مولانا شان محمد جامعی نے قربانی کے فضائل و مسائل کے موضوع پر نہایت مؤثر اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔
مولانا نے کہا کہ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت، ایثار اور خلوص کی عظیم یادگار ہے، جسے ہر سال امتِ مسلمہ عیدالاضحی کے موقع پر تازہ کرتی ہے۔ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور تقویٰ کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اللہ کو نہ ان کا گوشت پہنچتا ہے نہ خون، بلکہ تمہارا تقویٰ اس تک پہنچتا ہے۔
مولانا نے کہا کہ قربانی ہر اُس مسلمان پر واجب ہے جو صاحبِ نصاب ہو اور قربانی کے جانور میں کوئی ظاہری عیب نہ ہو۔
قربانی کا وقت 10 ذوالحجہ کی نمازِ عید کے بعد سے 12 ذوالحجہ کی مغرب تک ہے
انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کرنے والے شخص کے لیے مستحب ہے کہ ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد قربانی تک اپنے ناخن اور بال نہ کاٹے۔ یہ عمل مستحب ہے۔
مولانا نے عوام الناس کو تلقین کی کہ قربانی کے عمل کو شرعی اصولوں، صفائی، خلوصِ نیت اور قربانی کی روح کے مطابق ادا کیا جائے۔ گوشت کی تقسیم میں غرباء و مساکین کو ترجیح دی جائے تاکہ معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارہ اور اسلامی اقدار کو فروغ ملے۔
نظامت کے فرائض مدرسہ کے استاذ قاری محمد احمد ثاقبی نے انجام دیا۔ محمد کیف سلمہ کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ نعت و منقبت کا نذرانہ محمد شاد سلمہ کے پیش کیا۔ اس موقع پر مدرسہ کے استاذ مولانا محمد اویس جامعی، حافظ محمد اسرار، حاجی محمد خلیل، محمد عرفان، حافظ محمد جنید، حافظ محمد فرقان حافظ محمد ابوذر، حافظ محمد عبداللہ کے علاوہ مقامی حضرات کثیر تعداد میں موجود رہے