بھارت کی ترقی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ ہمیں دہشت گردی جیسے سماجی ناسور سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا: جناب جگدمبیکا پال، رکن پارلیمنٹ، ڈومریا گنج
بانسی، سدھارتھ نگر :ایس کے میریج ہال، بانسی میں "کمھریا یوتھ کمیٹی ویلفیئر سوسائٹی” کے زیرِ اہتمام” قومی یکجہتی اور انسدادِ دہشت گردی” کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جو نہ صرف علمی سطح پر کامیاب رہا بلکہ اس میں سماجی ہم آہنگی، امن و شانتی اور حب الوطنی کا جذبہ بھی نمایاں طور پر جھلکتا رہا۔
اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی معزز جناب جگدمبیکا پال (رکنِ پارلیمنٹ، ڈومریا گنج و سابق وزیر اعلیٰ، اتر پردیش) نے نوجوانوں سے ملک کے آئین، جمہوریت اور اتحاد کے تحفظ کے لیے عہدبند ہونے کی اپیل کی۔
پروگرام کے اہم مقررین میں شامل تھے: ڈاکٹر سندیپ مشرا، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ قانون، الٰہ آباد یونیورسٹی؛ پروفیسر او۔ پی۔ رائے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بانی رکن مولانا ادریس بستوی، جنہوں نے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے لوگوں سے امن، رواداری اور باہمی احترام کے ساتھ جینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہم سب کا ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر سندیپ مشرا نے قانونی نقطۂ نظر سے اس موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے دہشت گردی کے سبب شہریوں کی جان و مال اور ملکی وسائل کے نقصان کو اجاگر کیا۔
اس نشست کی صدارت ڈاکٹر چندر شیکھر ترپاٹھی (سابق رکن پارلیمنٹ، خلیل آباد) نے کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ جب بھی دہشت گردی کا ذکر آتا ہے تو مذہب کو اس میں گھسیٹا جاتا ہے، جو کہ ایک ذہنی رجحان ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا، قومی یکجہتی قائم نہیں ہو سکتی۔
پروگرام کی قیادت کمھریا یوتھ کمیٹی کے صدر، شاہ خالد مصباحی نے کی، جن کی سرپرستی میں یہ کامیاب اور معیاری سیمینار منعقد ہوا۔
پروگرام کی اہم جھلکیاں:
پینل مباحثہ: "قومی یکجہتی میں نوجوانوں کا کردار”
اجتماعی امن حلف
مختلف زبانوں میں حب الوطنی سے لبریز شاعری وگیت
نوجوانوں اور دانشوروں کی فعال و پرجوش شرکت
پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، سماجی کارکنان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانشوروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تمام شرکاء نے اس سیمینار کو وقت کی اہم ضرورت اور قومی شعور کو بیدار کرنے والا ایک اہم قدم قرار دیا۔
اس موقع پر خصوصی طور پر جناب محمد نعیم، رحمت علی، نصرالدین، اعجاز، عتیق اللہ، عبدالحفیظ، شفیق، نصرالدین، اخلاق انصاری، پپو بھائی، بکس اللہ، حافظ نیاز، مولانا غلام علی، مولانا ابرار احمد اور دیگر باشعور سماجی شخصیات نے اپنی موجودگی سے پروگرام کی عزت افزائی کی اور اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔