بزم ارباب ادب اٹوا کی 98ویں طرحی نشست
اٹوا سدھارتھ نگر (سید عزیز الرحمان) بزم ارباب ادب اٹوا کی 98ویں طرحی نشست جناب ارشداقبال صاحب کی صدارت اور سید عزیزالرحمان عاجز کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر نیزشب میں آن لائن، منعقد ہوئی ،قرب وجوار اور دوردراز کے شعرآ ء نے اپنے اپنے کلام پیش کیے، منتخب اشعار اردو دوست ،ادب نواز ،باذوق قارئین کی نذر ہیں۔
یہ کم نہیں ہے عیادت کو لوگ آتے ہیں
مریضِ عشق کی کوئی دوا نہیں نہ سہی
ارشداقبال
ملے گی تم کو سزائیں جمال قدوسی
یہ بات اور تمہاری خطا نہیں نہ سہی
جمال قدوسی
برہنہ ہونے نہیں دیتی رنگ کی تہذیب
گلوں کے جسم پہ کوئی قبا نہیں نہ سہی
ڈاکٹرایازاعظمی
تمام شہر مرا احترام کرتا ہے
وہ ایک شخص مجھےجانتا نہیں نہ سہی
ہدایت اللہ خان شمسی
یقین ہے مجھے آۓ گی آسماں سے مدد
جہان والوں کی حاصل رضا نہیں نہ سہی
سیدعزیزالرحمان عاجز
وطن کو ہم نے کئی بار خوں سے سینچا ہے
تمہارے خون میں بوۓ وفا نہیں نہ سہی
التجاحسین نورصدیقی
لہولہان چمن کے سبھی ہیں گل بوٹے
ہےباغبان میں غیرت، حیا نہیں نہ سہی
ظہیررحمانی
ہمارے واسطے کافی ہے اک نظر اس کی
وہ پہلے جیسی بھلے ہی ادا نہیں نہ سہی
جمال اجمل
جنوں کی حد سے سوا چاہتا ہوں میں اس کو
الگ یہ بات وہ مجھ پر فدا نہیں نہ سہی
عباس شاداب
لڑیں گے آخری دم تک حقوق کی خاطر
ہمارے حق میں ہوا فیصلہ نہیں نہ سہی
جنیدفرہاد لٹیاوی
ہمیں وہ اپنا سمجھ کر ہی کچھ لکھا ہوگا
وہ حرفِ شوق وہ سوز و ادا نہیں نہ سہی
عبدالمبین مبیں ایس نگری
ان کے علاوہ جناب عبدالرب جوہر ،شکیل ضاغط نے بھی کلام پیش کیے ،اس موقع پر عباس چودھری وغیرہ خاص طور سے شریک رہے۔