کانپور |محمد عثمان قریشی| مسائل شرعیہ اکیڈمی رمضان ہیلپ لائن پر پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات درج ذیل ہیں مسائل شرعیہ اکیڈمی میں پہلا سوال
- روزے کی حالت میں دانتوں میں پھنسہ گوشت کا ریشہ اگر کوئی دانت کھودتے وقت منھ سے باہر نکالے بغیر کھا لے یا اپنے آپ ہی نگل جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب:دانتوں میں گوشت کا ریشہ اٹکا ہوا تھا یا کوئی اور چیز تھی اس کو خلال سے نکال کر کھالیا لیکن منہ سے باہر نہیں نکالا اپنے آپ حلق میں چلا گیا تو دیکھیں اگر چنے سے کم ہے تو روزہ نہیں گیا اور اگر چنے کے برابر یا اس سے زیادہ ہے تو روزہ جاتا رہا، البتہ اگر منھ سے باہر نکال لیا تھا پھر اس کے بعد نگل گئی تو ہر حال میں روزہ ٹوٹ گیا چاہے وہ چیز چنے کے برابر ہو یا اس سے بھی کم ہو دونوں کا ایک ہی حکم ہے۔
- کسی سے منہ سے خون نکلا اور اس کو وہ تھوک کے ساتھ نگل گیا تو کیا حکم ہے؟
جواب:منہ سے خون نکلتا ہے اور اس کو تھوک کے ساتھ نگل گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا البتہ خون تھوک سے کم ہو اور خون کا مزہ حلق میں معلوم نہ ہو تو روزہ نہیں ٹوٹا۔
- سوال:کوئلے اور ٹوٹھ پیسٹ سے دانت مانجھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:کوئلہ چبا کر دانت مانجھنا اور منجن (ٹوٹھ پیسٹ) سے دانت مانجھنا مکروہ ہے اور اگر اس میں سے کچھ حلق میں اتر جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور مسواک سے دانت صاف کرنا درست ہے چاہے سوکھی مسواک ہو یا تازی اسی وقت کی توڑی ہوئی اگر نیم کی مسواک ہے اور اس کا کڑواپن منھ میں معلوم ہوتا ہے تب بھی مکروہ نہیں۔