کانپور (محمد عثمان قریشی) آج مسجد چھوٹی عیدگاہ نئی سڑک میں حافظ محمد شجیع احسن صابری بن حافظ و قاری طاہر ظفر نیر صابری نے پہلی مرتبہ تراویح کا دورمکمل کیا و قرآن پاک تجوید اور مخارج کے ساتھ سنایا.
اس موقع پر حافظ قاری راضی ظفر صابری نے کہا کہ اللہ کا یہ احسان عظیم ہے کہ اس نے ہمیں انسانوں میں پیدا کیا پھر دوسرا احسان یہ کہ اس نے ہمیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا کیا جبکہ انبیاء کرام کی یہ خواہش تھی کہ انہیں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا کیا جائے لیکن اللہ تعالی نے ہمیں یہ شرف بخشا کہ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا کیا اور ہمیں لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ جیسا کلمہ عطا کیا کہ اس کے پڑھ لینے سے ہمارے گناہ معاف ہو جاتے ہیں اور ہماری دنیا و آخرت سنور جاتی ہے ۔
لیکن پھر بھی انسان گناہ کرتا ہے تو اس لئے اللہ تعالی نے ہمیں قرآن اور رمضان عطا کیا تاکہ اگر کوئی گناہ ہم سے سرزد ہوجائے تو اس کی رمضان میں مغفرت کرا لے ، رمضان کا مہینہ انسان کی مغفرت کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے جو اللہ تعالی نے ہمیں عطا کیا ہےاور اسی رمضان میں ایک رات لیلۃ القدر بھی ہمیں عطا کی گئی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے. اس رات میں عبادت ہزار مہینوں کے برابر ہے. اور قران اس لئے نازل کیا کہ اس پر عمل کریں گے تو ہم سیدھے راستے پر چلیں گے ، واضح ہو کہ حافظ محمد شجیع احسن صابری امام مسجد چھوٹی عیدگاہ کے امام قاری شبیر احسن صابری کے پوتے ہیں جن کے دادا محترم استاد زمن حضرت مولانا احمد حسن کانپوری رحمت اللہ علیہ ہیں قاری شبیر احسن صابری کے بڑے صاحب زادے عاصم ظفر حسنی صابری تاحیات مسجد چھوٹی عیدگاہ کے امام رہے دوسرے بیٹے حافظ و قاری طاہر ظفر نیر صابری مسجد رنگیان کے امام و خطیب ہیں، اور مسجد چھوٹی عید گاہ اور مسجد رنگیان میں مسلسل تراویح سناتے رہے.
تیسرے بیٹے راضی ظفر نیر صابری بھی چھوٹی عید گاہ اور مسجد رنگیان میں مسلسل تراویح سناتے ہیں، اس سال حافظ قاری طاہر ظفر نیر صابری کے بیٹے حافظ محمد شجیع احسن صابری نے مسجد چھوٹی عید گاہ میں پہلی مرتبہ تراویح سنائی اور حافظ و قاری رازی ظفر صابری کے بیٹے حافظ امداد احمد صابری نے مسجد رنگیان میں اپنی پہلی تراویح سنائی ،عاصم ظفر احسن صابری کے بیٹے محتشم احسن صابری چھوٹی عید گاہ میں مسلسل امامت کے فرائض ادا کر رہے ہیں.
یہ وہ نیک سیرت شخصیات ہیں جو کہ اپنے اجداد استاد زمن شاہ احمد حسن کانپوری رحمت اللہ علیہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین کی خدمت اور اشاعت اسلام کا عظیم فریضہ ادا کر رہے ہیں اور یہ خاندان کانپور شہر کا نام روشن کرتےہوئے ایک مثالی کردار ادا کر رہا ہے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ایسی شخصیات سے ترغیب لیتے ہوئے ہمیں دین کی خدمت انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے.