مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء اتر پردیش کی زیرصدارت منعقدہ کانفرنس میں ملک کے ممتاز قراء کرام کریں گے شرکت
کانپور (محمد عثمان قریشی)
قرآنِ مجید کو تجوید کی رعایت کے ساتھ خوبصورت لب و لہجہ میں پڑھنے اور اس کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کے جذبے کو ابھارنے کے لیے انجمن ترتیل القرآن و تنظیم اہل سنت والجماعت کانپور کے زیرِ اہتمام، گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عظیم الشان مظاہرہ حسن قرأت و عظمت قرآن کانفرنس 15 نومبر، 2025 بروز سنیچر، بعد عشاء رات 8 بجے لیاقت دادا چوراہا، طلاق محل، کانپور میں جمعیۃ علماء اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی زیر صدارت منعقد ہوگی۔
انجمن ترتیل القرآن کے صدر قاری مجیب اللہ عرفانی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ قلب شہرمیں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان کانفرنس میں دارالعلوم دیوبندکے استاد قاری شفیق الرحمن، دارالعلوم دیوبندکے شعبہ تجوید وقرأت کے استاذقاری افتاب عالم، دارالعلوم وقف دیوبندکے استاذ قاری واصف عثمانی، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذقاری ریاض احمد، جامعہ تعلیم الدین ڈابھیل گجرات سے قاری عبدالرحیم،جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کواں سے قاری جابر احمد، سہارنپورسے قاری طیب جمال، جامعۃ الہدایہ جے پور سے قاری ہدایت اللہ اور جامعہ قاسمیہ دار العلوم زکریا مرادآباد سے قاری صادق گنگوہی کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے تشریف لا رہے مشہور و معروف قراء کرام اس پروگرام میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مظاہرہ قرأت سے قبل معروف مفسرقرآن مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی مدظلہ العالی کا خصوصی خطاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس قرآنِ کریم کے ساتھ تعلق قلبی کو مضبوط کرنے، اس کے احکام کو سمجھنے، اور اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کا پیغام دے گی۔
ایسے اجتماعات ایمان کی تازگی، دینی شعور کی بیداری، اور نئی نسل میں قرآن سے محبت پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ بنتے ہیں۔قاری مجیب اللہ عرفانی نے بتایا کہ کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ عوامِ الناس سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ اس ایمان افروز اور روح پرور محفل سے زیادہ سے زیادہ لوگ فیض حاصل کر سکیں۔





