کانپور (محمد عثمان قریشی) دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، جو انسان کو دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ دکھاتا ہے۔
نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت اس دین کی عملی تصویر ہے۔ آپؐ کے اقوال، افعال اور احوال ہمارے لئے اسوہئ حسنہ ہیں، جیسا کہ قرآن میں ارشاد ہے”بے شک تمہارے لیے رسول اللہؐ کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے۔“ مگر ہر دور میں کچھ لوگ دین حق سے انحراف کرتے ہوئے باطل فرقے بناتے ہیں جو مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان سے بچنے کا بہترین ذریعہ یہی ہے کہ ہم سیرت نبویؐ کو مضبوطی سے تھام لیں۔ نبی کریمؐ نے ہمیشہ قرآن اور اپنی سنت کو اصل معیار قرار دیا۔ آپ ؐ نے فرمایا:”میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، جب تک ان کو پکڑے رہو گے، کبھی گمراہ نہ ہوگے، اللہ کی کتاب اور میری سنت“ (موطا امام مالک)
یہی طرز عمل اپنانے سے انسان ہر باطل نظرئے اور گمراہ فرقے کے فتنوں سے محفوظ رہتا ہے۔سیرت نبویؐ کا پہلا اور بنیادی درس توحید ہے۔ باطل فرقے اکثر توحید یا ختم نبوت میں تشکیک پیدا کرتے ہیں۔ جو شخص نبی ﷺ کی تعلیم کے مطابق اللہ کی وحدانیت اور آپ ؐ کی ختم نبوت پر مضبوط یقین رکھے، وہ کبھی گمراہی کا شکار نہیں ہوتا۔نبی کریمؐ نے علم کو دین کی بقا کا ذریعہ قرار دیا۔
فرقہ باطلہ عام طور پر کم علم یا بے علم لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ سیرت نبویؐ پر عمل کرتے ہوئے ہمیں چاہیے کہ قرآن و حدیث کا بنیادی علم حاصل کریں۔
نبیؐ نے امت کے اتحاد پر بہت زور دیا۔ آپ ؐ نے فرمایا”میری امت گمراہی پر کبھی جمع نہیں ہوگی“یہ حدیث اس بات کا ثبوت ہے کہ جو لوگ امت کو توڑ کر نئے فرقے بناتے ہیں وہ گمراہی پر ہوتے ہیں۔ ہمیں امت کے اجتماعی اجماع اور راہِ حق پر قائم رہنا چاہیے۔ نبی ؐ نے دین میں نئی باتیں پیدا کرنے (بدعات) کو گمراہی قرار دیا۔ فرقہ باطلہ عموماً بدعات اور خودساختہ عقائد پیش کرتے ہیں۔
سیرتِ نبوی ﷺ پر عمل کا تقاضا ہے کہ ہر دینی عمل کے لئے سنت سے دلیل لی جائے۔غیر ثابت رسومات اور بدعات سے پرہیز کیا جائے۔فرقہ باطلہ کے فتنوں سے بچاؤ اسی وقت ممکن ہے جب مسلمان نبی اکرمؐ کی سیرت کو اپنا لائحہ عمل بنالیں۔نبی ؐ کی سیرت نہ صرف انفرادی زندگی سنوارتی ہے بلکہ اجتماعی طور پر امت کو فرقہ واریت سے پاک کرنے کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ زندگی کے ہر شعبے میں سیرت رسول ؐ کو اپنائیں اور فرقہ باطلہ سے ہمیشہ دور رہیں۔
مذکورہ خطاب مولانا مفتی عمر فاروق ہادی قاسمی استاذ جامعہ عربیہ اشاعت العلوم قلی بازار کانپور نے مجلس تحفظ ختم نبوت و شہری جمعیۃ علماء کانپور کے زیر اہتمام و زیر سرپرستی قاضئ شہر کانپور الحاج حافظ و قاری عبد القدو س ہادی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش منائے جا رہے سیرت النبی و تحفظ ختم نبوت کے تیس روزہ پروگراموں میں سے پانچویں پروگرام منعقدہ چھوٹی مسجد قدوائی نگر کانپورسے کیا۔
پروگرام کی صدارت کر رہے مولانا شکیل ندوی امام و خطیب چھوٹی مسجد قدوائی نگرنے آئندہ 17/ اکتوبر بروز جمعرات بعد نماز مغرب بمقام پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکاء حضرات سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ تیس روزہ پروگرام کے کنوینر مولانا ابوبکر ہادی قاسمی مشن تحفظ ختم نبوت کو گھر گھر پہنچانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں جس کے نتیجہ میں کانپور کی خواص و عوام کی جانب سے بہتر تاثرات بھی موصول ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر مصلیان مسجد کے علاوہ علماء حفاظ اور کثیر تعداد میں علاقائی لوگوں کی موجودگی رہی۔