رحمت عالم و عظمت صحابہ مہینہ کے تحت مسجد رحمت اللہ نئی سڑک میں مفتی عبدالرشید قاسمی کا خطاب
کانپور (محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی زیر نگرانی رحمت عالم و عظمت صحابہ مہینہ کے تحت میں ایک عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ﷺ و عظمت صحابہؓ مسجد رحمت اللہ نئی سڑک میں منعقد ہوا۔
جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد الرشید قاسمی، چیئرمین حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن نے کہا کہ مسلمانوں کا یہ ایمان ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ رحمت للعالمین ہیں۔ آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ نے انسانیت کے ہر میدان میں ایسا انقلاب برپا کیا جس میں سراسر خیر اور بھلائی ہی بھلائی ہے۔انہوں نے فرمایا کہ آپ ﷺ کی سب سے پہلی اور بنیادی تعلیم عقیدۂ توحید ہے، جس نے انسان کو یہ شعور دیا کہ وہ اپنے ہر عمل کا اللہ کے حضور جواب دہ ہے۔ یہ احساس انسان کو غفلت اور لاپرواہی سے بچاتے ہوئے ایک ذمہ دار فرد بناتا ہے۔
مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ نے دنیا کو مساواتِ انسانی کا عملی تصور عطا کیا۔ آپ نے اعلان فرمایا کہ تمام انسان برابر ہیں، کسی کو رنگ، نسل یا نسب کی بنیاد پر دوسروں پر فوقیت حاصل نہیں۔ اسی طرح تعلیم، ترقی اور حکمرانی کے مساوی مواقع سب کے لیے رکھے گئے۔خواتین کے حوالے سے نبی کریم ﷺ کی انقلابی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے مفتی عبد الرشید قاسمی نے کہا کہ آپ ﷺ نے عورت کو عزت و مقام عطا کیا، وراثت میں حق دیا اور یہ اعلان فرمایا کہ ماں کے قدموں کے نیچے جنت ہے۔
جلسہ میں عوام و خواص کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نظامت کے فرائض مفتی حسان قاسمی نے انجام دیے۔ آخر میں نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ کی سیرت و خدمات سے سبق لینے کی اپیل کی گئی۔