انوپ گنج میں جلسۂ سیرت المصطفیٰ ﷺ کا شاندار انعقاد
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری)گزشتہ شب تھانہ مسولی کے تحت قصبہ انوپ گنج، سعادت گنج میں جلسۂ سیرت المصطفیٰ ﷺ کے زیر اہتمام ’’سیرتِ رسول ﷺ‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر علماۓ کرام، طلبہ و طالبات اور علاقہ کے معزز شہری بڑی تعداد میں موجود رہے۔
جلسے کا آغاز قاری ندیم الحق اسعٰامی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد عمر عبداللہ قاسمی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانی فضا میں رنگ دیا۔
جلسے کی صدارت حاجی محمد عرفان انصاری نے فرمائی، سرپرستی حافظ محمد اسلام نے کی، جب کہ نظامت و انتظام کی ذمہ داری مولانا محمد اختر ندوی نے سنبھالی۔ استقبالیہ خطاب مفتی محمد عارف نے پیش کیا۔
مہمانِ خصوصی مولانا شبلی صاحب نے اپنے پُر اثر خطاب میں فرمایا کہ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی زندگی تمام انسانیت کے لیے سراپا رحمت اور کامل ترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے عدل، مساوات، رحمت اور امن کا ایسا پیغام دیا جس پر عمل کر کے انسان دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ سوشل میڈیا اور لغویات سے دور رہ کر علم، اخلاق اور کردار سازی پر توجہ دیں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی آ سکے۔
آخر میں مفتی محمد عارف نے ملک میں امن و سلامتی، بھائی چارے، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کرائی۔
اس موقع پر مولانا محمد عقیل ندوی، مولانا محمد جنید قاسمی، مولانا ضیاء الدین قاسمی، محمد ارشاد (پردھان انوپ گنج)، حاجی محمد اسرار انصاری (سابق پردھان)، مولانا محمد فرمان مجاہری، مولانا محمد اختر قاسمی، ڈاکٹر محمد رضوان، ڈاکٹر محمد ظہیر پپّو، حافظ عبدالسلام، محمد شعیب (چپل والے)، ماسٹر پپّو، محمد عمران، محمد خالد اور ذاکر علی عرف قادری (سابق پردھان) سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
اختتام پر منتظمِ جلسہ ماسٹر محمد افتخار نے تمام علماۓ کرام، مہمانانِ خصوصی اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مذہبی اجتماعات معاشرے میں محبت، امن اور انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔





