سابق وزراء کی پینشن اور سیتاپور و محمود آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال
لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے دوستانہ اور بامقصد ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوی نے اتر پردیش پارلیمانی ادارہ کے صدر کی حیثیت سے سابق وزراء کی پینشن اور سفر الاؤنس میں اضافہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سابق وزراء بھی عوام کی طرح حکومت و انتظامیہ کے سامنے اپنے مسائل پیش کرتے ہیں اور ان کے حل میں ان کا کردار اہم ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وعدہ کیا کہ ادارہ کے زیر اہتمام آئندہ کنونشن میں وہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے، جس سے سابق وزراء کے مسائل اور ترقیاتی امور پر مزید توجہ دی جا سکے گی۔
ملاقات میں ڈاکٹر رضوی نے محمود آباد اور سیتاپور کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی اور متعدد عوامی مفاد کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ کی توجہ دلائی۔ سیتاپور ضلع کو ریاستی دارالحکومت کے علاقے میں شامل کرنے اور نیمشآرنی و سیتاپور کے ترقیاتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
مزید برآں، ڈاکٹر رضوی کے قائم کردہ مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ برائے انسانی علوم و ٹیکنالوجی کو "مولانا آزاد دیہی یونیورسٹی” بنانے میں پیش آنے والی رکاوٹوں کے حل پر بھی مثبت تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر رضوی نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ گفتگو نہ صرف موجودہ منصوبوں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے۔