بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) ایام عزا کی رخصت کے دور میں مجالس کا سلسلہ زور شور سے جاری و ساری ہے۔ اسی تناظر میں محمود آباد میں وقف امام باڑہ علی حسن رمال مرحوم میں قدیم سالانہ مجلس منعقد ہوئی۔ اس مجلس میں کشیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مجلس کو مولانا حسن ظہیر نے خطاب کرتے ہوئے فضائل و مصایب سید الشہدا حضرت امام حسین پڑھے۔
مولانا نے کہا کہ دنیا کے گوشے گوشے میں آج بلا تفریق مذہب و ملت خلوص دل سے عزاداری کر لوگ آل رسول و شہداے کربلا کا پرسہ بارگاہ رسالت مآب میں پیش کرتے ہیں۔ امام حسین علیہ السلام نے اسلام کی بقا کے لئے اپنے اور اپنے اہل خانہ، انصار و احباب کی جان قربان کر رہتی دنیا تک پرچم اسلام کو سر بلند کر دیا۔ مولانا نے صراط مستقیم پر روشنی ڈالتے ہوئے زندگی بسر کرنے پر زور دیا۔
مولانا نے اسلام اور پیغمبر حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اور آل محمد کی سیرتِ پر روشنی ڈالی اور لوگوں سے اخلاق ، حسن سلوک، محبت، رواداری کو مشعل راہ بنا کر کامیاب زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ امن عالم کے لئے اور ملک کی ترقی کے لئے دعا کی گی۔بعد مجلس انجمن ہائے ماتمی نے نوحہ خوانی کی۔ مینیجنگ متولی بانو رضوی نے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
مجلس میں سابق کارگزار وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی، ڈاکٹر ہارون رضوی، عارف رضوی نے بھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ خصوصی طور پر اس مجلس میں سینیر صحافی حسن ابراہیم، عرفان منصوری، جمیل حسن نقوی، ندیم عباس نقوی، کاشف حسن، آصف رضوی، عباس رضوی، اقبال حیدر خان، شہاب الدین خان وغیرہ نے شرکت کی۔