ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کے اقدام کو سراہا
لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری)سابق کارگزار وزیر اعلیٰ، سابق وزیرِ تعلیم اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر عمار رضوی نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوۓ اتر پردیش حکومت کے اس بڑے اور دور رس فیصلے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور صوبائی وزیرِ تعلیم یوگیندر اُپادھیائے کو دلی مبارکباد پیش کی ہے، جس کے تحت ریاست کے مدرسوں میں کامِل اور فاضل جیسے اعلیٰ تعلیمی کورسز کی منظوری اب براہِ راست یونیورسٹیوں کے ذریعے دی جائے گی۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی بصیرت افروز قیادت اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ریاست کے ہر طبقے کے تعلیمی اور سماجی فروغ کیلئے سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ فیصلہ نہ صرف ہزاروں طلبہ کی ڈگریوں کو تحفظ دے گا بلکہ مدرسہ نظامِ تعلیم کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی سمت ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو مضبوط بنانے کو اپنی ترجیح بنایا ہے، اور یہ فیصلہ ان کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے جس جرات مندی، دور اندیشی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک روشن مثال ہے۔
سابق وزیرِ تعلیم ڈاکٹر عمار رضوی نے صوبائی وزیرِ تعلیم یوگیندر اُپادھیائے کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور بروقت کوششوں کے نتیجے میں یہ ممکن ہوا ہے کہ مدرسہ طلبہ اب یونیورسٹی سے منسلک اعلیٰ تعلیم کی طرف آسانی سے قدم بڑھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور اقلیتی فلاح و بہبود محکموں کی مشترکہ حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس فیصلے سے معیارِ تعلیم کی نگرانی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ کامِل و فاضل کی اسناد کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید اعتبار حاصل ہوگا۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے امید ظاہر کی کہ ریاست کے تمام اضلاع میں قائم مدرسے بروقت یونیورسٹیوں سے الحاق کی کارروائی مکمل کریں گے تاکہ تعلیمی سیشن 2025-26 سے طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت اور سماج دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ فیصلہ اسی سمت ایک سنہری اور تاریخی پیش رفت ہے۔