نظیفہ زاہد نے فیصلے کو ترقی، ہم آہنگی اور جمہوری توازن کی علامت قرار دیا
لکھنؤ، (ابوشحمہ انصاری)جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سابق اسمبلی اسپیکر کویندر گپتا کی بطور لیفٹیننٹ گورنر، لداخ تقرری پر گنگا جمنی تحریک کی قومی صدر نظیفہ زاہد نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد پیش کی اور اس فیصلے کو لداخ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے نظیفہ زاہد نے کہا کہ کویندر گپتا ایک ہمہ جہت، انسان دوست اور قوم پرست رہنما ہیں، جن کی قیادت میں لداخ ترقی، ثقافت، امن اور ہم آہنگی کے نئے دور میں داخل ہوگا۔ اُن کا وژن لداخ کو ایک باوقار، خوشحال اور متوازن علاقہ بنانے میں معاون ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کویندر گپتا کی سوچ میں گنگا جمنی تہذیب کی جھلک نمایاں ہے۔ وہ عوامی بھلائی کو اولیت دینے والے رہنما ہیں اور یقیناً لداخ کے ہر فرد کو ان کے دورِ حکومت میں مساوی احترام اور آئینی حقوق حاصل ہوں گے۔
نظیفہ زاہد نے اس تقرری کو ملک کی جمہوریت، شفاف حکمرانی اور علاقائی توازن کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ لداخ کے عوام کے لیے نئی امید لے کر آیا ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ کویندر گپتا اس منصب کو عدل، انصاف اور ترقی کا ذریعہ بنائیں گے۔