ارم ماڈل اسکول لکھنؤ کے مینیجر فیضی یونس سمیت ریاست بھر سے ماہرین کی اہم میٹنگ میں شرکت متوقع
بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) اتر پردیش کی یوگی حکومت ریاست میں مدرسہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر مدرسہ ایجوکیشن میں اصلاحات کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس 15 جولائی بروز پیر، دوپہر 12 بجے، اندرا بھون (کمرہ نمبر 511) لکھنؤ میں منعقد ہوگا۔ اس میٹنگ کی صدارت محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈائریکٹر انکت اگروال (آئی اے ایس) کریں گے۔
اس اہم اجلاس میں ریاست بھر کے مختلف اضلاع سے مدرسہ نظام تعلیم سے وابستہ ماہرین، اساتذہ یونینوں کے نمائندگان، مینیجر، پرنسپل اور غیر تدریسی عملے کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ضلع بارہ بنکی کے معروف تعلیمی شخصیت اور مدرسہ ارم ماڈل اسکول لکھنؤ کے مینیجر سید خواجہ فیضی یونس کو بھی اس میٹنگ میں بطور خاص مدعو کیا گیا ہے۔ خواجہ فیضی یونس مدرسہ تعلیم میں جدید خطوط پر تبدیلی اور معیار کی بلندی کے زبردست حامی ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید خواجہ فیضی یونس نے کہا ہم حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے مدرسہ نظام میں بہتری کے لیے ماہرین کی رائے کو اہمیت دی ہے۔ امید ہے کہ یہ میٹنگ مثبت سمت میں ایک مضبوط قدم ثابت ہوگی۔ ہم مدارس، اساتذہ، اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے کمیٹی کے روبرو تعمیری مشورے پیش کریں گے۔
انہوں نے تمام مدعو ماہرین سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی جھجھک کے مدارس کی بقا، ترقی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے مؤثر مشورے دیں، تاکہ دینی و عصری تعلیم کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔
اس میٹنگ میں آل انڈیا ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ کے جنرل سکریٹری مولانا وحید اللہ خان سعیدی، ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ کے جنرل سکریٹری حاجی دیوان صاحب زماں، نان ٹیچنگ ایمپلائز یونین کے ریاستی صدر حسیب احمد (بارہ بنکی)، جنرل سکریٹری خورشید عالم (کانپور) سمیت ریاست کے مختلف اضلاع۔بارہ بنکی، لکھنؤ، جونپور، کانپور، بہرائچ، دیوریا، اٹاوہ، مرادآباد، اعظم گڑھ، بستی، قنوج، غازی پور، میرٹھ وغیرہ۔سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زائد نمائندگان کی شرکت متوقع ہے۔
یہ میٹنگ مدرسہ ایجوکیشن کے مستقبل کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے، بشرطیکہ سفارشات پر ایمانداری سے عمل درآمد کیا جائے۔