کینٹ یونٹ حلقہ جاجمؤ کی میٹنگ میں وارڈ سطح پر یونٹ سازی اور انتخابی تاریخوں کا اعلان
کانپور (محمد عثمان قریشی) جمعیۃ علماء ہند کے نئی ٹرم کیلئے جدید ممبر سازی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور اب تنظیم کے آئندہ تین سالہ دور کیلئے مقامی، ضلعی، ریاستی و مرکزی یونٹوں کے انتخابات کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔ مرکز کی ہدایت کے مطابق مقامی یونٹوں کے انتخابات 20 اگست تک اور ضلعی یونٹوں کے انتخابات 21 سے 30 اگست تک مکمل کئے جائیں گے۔
اسی سلسلے میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کے تحت کینٹ یونٹ کے حلقہ جاجمؤ کی ایک اہم میٹنگ متین الحق لائبریری، جامع مسجد اشرف آباد، جاجمؤ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کی۔ میٹنگ میں طے پایا کہ جاجمؤ کے تینوں وارڈوں میں مستقل یونٹیں قائم کی جائیں گی، اس مقصد کیلئے 10 اگست (اتوار) کی تاریخ مقرر کی گئی اور حلقہ بابوپوروہ میں وارڈ سطح پر یونٹ سازی کیلئے 9 اگست (سنیچر) کا دن متعین کیا گیا، جبکہ حلقہ چھاؤنے کیلئے آئندہ میٹنگ میں تاریخ طے کی جائے گی۔ مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 17 اگست (اتوار) کو کینٹ اسمبلی حلقہ کا انتخاب منعقد ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے جمعیۃ سے وابستگی کو ہر مسلمان کی دینی اور اجتماعی ضرورت قرار دیا اور تنظیم کی تاریخی و فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ نہ صرف دینی شناخت کی حفاظت بلکہ ملی و سماجی مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
صدر کینٹ اسمبلی مولانا انصار احمد جامعی نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کیلئے متحرک و باصلاحیت نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے وارڈ سطح پر کارکنان کی ذمہ داریوں کے تعین پر زور دیا۔
کینٹ کے جنرل سکریٹری حافظ نورالہدی جامعی نے اجلاس میں مقامی یونٹ کو مزید فعال بنانے کیلئے اہم تجاویز پیش کیں اور یونٹ سازی کے عمل کو شفاف اور مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کا آغاز مولانا محمد سجاد قاسمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر شہری جمعیۃ علماء کے نائب صدر مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا فریدالدین قاسمی، مولانا مسعود احمد جامعی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مولانا محمد کوثر جامعی، مولانا محمد شاہد قاسمی، مولانا عبدالجبار الاسعدی، مولانا شرف عالم ثاقبی، مولانا ابوالحسن عبداللہ قاسمی، مولانا شادان نفیس قاسمی، مولانا طارق قاسمی، حافظ محمد عمران، حافظ محمد عرفان، حافظ محمد مزمل، محمد ارسلان، ضیاء لاری اور ہلال احمد شریک رہے۔