مدرسہ عربیہ رزاقیہ مدینت العلوم میں جشنِ تکمیل قرآن کریم و آمین شریف کا انعقاد، مفتی رفی احمد نظامی
کانپور (محمد عثمان قریشی) قرآن پاک کو دیکھنا، چھونا اور پڑھنا یہ سب ثواب کے کام ہیں۔ قرآن وہ بے مثال کتاب ہے جس کی کوئی مثال نہیں۔ اگر خوشحالی چاہتے ہو تو قرآن سے محبت کرو، اگر مرض سے شفاء چاہتے ہو تو اس کی تلاوت کرو۔ قرآن کو آنکھوں سے دیکھو گے تو الفاظ نظر آئیں گے، دماغ سے دیکھو گے تو علم، دل سے دیکھو گے تو محبت، اور اگر روح سے دیکھو گے تو تمہیں خدا نظر آئے گا۔
یہ قیمتی بات مدرسہ عربیہ رزاقیہ مدینت العلوم بانس منڈی میں منعقدہ جشنِ تکمیل قرآن کریم و آمین شریف کے موقع پر مفتی رفی احمد نظامی مصباحی نے کہی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید فرمایا کہ عبادت ضرور کرو مگر معاملات پر خاص توجہ دو۔ کعبہ کے چکر لگانے سے لوگوں کے دئے ہوئے چکر معاف نہیں ہوتے۔ اے اللہ! ہمیں توبہ کا ایسا رونا عطا فرما جو دل کی گہرائیوں سے نکلے اور تجھے ہم پر ترس آجائے۔
یہ خوشی کا پروگرام 24 اگست 2025 بروز اتوار دو بجے دن منعقد ہوا، جو نو سالہ محمد اذان ابن باسل رفی کے قرآن پاک مکمل کرنے کی خوشی میں منایا گیا۔
تقریب کا آغاز قاری شمس الدین کی دلکش تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعت شریف کا نذرانہ حافظ محمد علی محمد اور سید محمد منتظر نے پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت نقیب اہل سنت حضرت شبیر اشرفی کانپوری نے سنبھالی۔
جلسہ کی صدارت حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ثاقب ادیب مصباحی نے کی، جبکہ سرپرستی حضرت حافظ و قاری حافظ عبدالرحیم نے کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں میں قاری صغیر عالم حبیبی، مولانا فیروز احمد، حافظ محمد خورشید، حاجی عتیق احمد، حاجی آصف رئیس، اسرار احمد احسانی، حاجی محمد نسیم، حاجی محمد طاہر، حاجی محمود عالم، محمد کیف، محمد سلیم اور دیگر کثیر تعداد میں افراد موجود رہے۔