عظمت حسنؓ و معاویہؓ کانفرنس 28/ ستمبر کوانجمن جانثارانِ صحابہؓ و اہل بیتؓ کانپور کا تاریخ ساز اعلان
کانپور(محمد عثمان قریشی) انجمن جانثارانِ صحابہؓ و اہل بیتؓ کانپور کے زیر اہتمام 28 ستمبر2025 بروز اتوار ایک روزہ عظیم الشان عظمت حسن و معاویہ رضی اللہ عنہما کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
اس کی اطلاع دیتے ہوئے انجمن کے صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ صحابہؓ و اہل بیتؓ اللہ کی منتخب کردہ جماعت ہیں، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی تربیت فرمائی اور خود اللہ رب العز ت نے ان کے قلوب کا امتحان لے کر اپنی رضا کا پروانہ اور جنت کا سرٹیفکیٹ عطا فرمایا ہے، ہر صحابی کامل مومن، عادل، مخلص اور جنتی ہے۔ صحابہؓ و اہل بیتؓ دین کی اساس اور بنیاد ہیں، اس جماعت کے کسی ایک فرد سے بھی بدگمانی یا بدزبانی کفر تک لے جاسکتی ہے۔ مولانا نے قرآن و حدیث کی روشنی میں بتلایا کہ صحابہ اور اہل بیت کے درمیان بے پناہ عقیدت و محبت اور حددرجہ ادب و احترام کا رشتہ تھا
اسی مقدس جماعت صحابہ و اہل بیت کے دو عظیم افراد نوجوانانِ جنت کے سردار، نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول، سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما اور خادم رسول، کاتب وحی، امیر شام سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما کی خدمات اور قربانیوں، حضورؐ کی پیشنگوئی کی روشنی میں ان کے درمیان عظیم صلح جو امت کی فتح و نصرت، کامیابی اور سربلندی نیز دشمنانِ اسلام کی ناکامیوں کا ذریعہ بنی اس کی صلح کی یاد میں نیز صحابہ و اہل بیت کی محبت کا پیغام عام کرنے کیلئے انجمن جانثارانِ صحابہؓ و اہل بیتؓ کانپور کی جانب سے یہ عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
مولانا عبداللہ قاسمی نے بتلایا کہ اس کانفرنس کے اب تک آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن عاملہ اور عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم مولانا بلال حسنی ندوی،مدرسہ اشرف المدارس ہردوئی کے شیخ الحدیث مولانا شاہ افضال الرحمن قاسمی، دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز استاذ مولانا محمد سلمان بجنوری، مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی بھیونڈی اور مولانا عبدالعلیم فاروقیؒ کے جانشین مولانا عبدالباری فاروقی کی منظوری حاصل ہوچکی ہے، اس کے علاوہ دیگر اکابر سے رابط جاری ہے۔
مولانا نے بتلایا کہ مقام اور مقررین کی تفصیلات جلد اشتہارات کے ذریعہ منظر عام پر لائی جائیں گی۔مولانا عبداللہ قاسمی نے ریاست اترپردیش اور شہر کانپور کے جملہ عاشقانِ رسول اور فدایانِ صحابہؓ اہل بیتؓ سے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔