کانپور (محمد عثمان قریشی)
سابق قاضی شہر کانپور حضرت مولانا مفتی منظور احمد مظاہریؒ کی قائم کردہ تنظیم ”انجمن فروغ سنت“ کی سالانہ میٹنگ پیلی مسجد توپخانہ بازار میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت موجودہ قاضی شہر حافظ و قاری معمور احمد جامعی نے کی، جس میں انجمن کے عہدیداران و اراکین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
میٹنگ کے آغاز میں تلاوتِ قرآنِ پاک سے روح پرور ماحول قائم ہوا۔ اس کے بعد انجمن کے صدر قاضی شہر حافظ و قاری معمور احمد جامعی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کی سالانہ آمد و خرچ کی تفصیلات پیش کیں، جس پر تمام اراکین نے اطمینان و اعتماد کا اظہار کیا۔
انجمن کے قیام اور خدمات کا تذکرہ
قاضی شہر نے بتایا کہ انجمن فروغ سنت کا قیام 1975ء میں عمل میں آیا، جس کے بانی صدر حضرت مولانا مفتی منظور احمد مظاہریؒ تھے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب نئی نسل دینی شعور اور سنت و شریعت سے دور ہوتی جا رہی ہے، انجمن فروغ سنت کا مشن یہی ہے کہ لوگوں کے دلوں میں اللہ، رسول ﷺ، صحابہؓ اور بزرگانِ دین سے محبت پیدا کی جائے اور سنتِ نبوی ﷺ کے فروغ کا عملی جذبہ بیدار کیا جائے۔
قاضی شہر نے مزید کہا کہ:
"اگر ہم سنتوں پر عمل کرنے والے بن جائیں تو اللہ تعالیٰ ہماری زندگی کو پاکیزہ، پُرسکون اور باعزت بنا دے گا۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت قیامت تک انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔”
سیرتِ صحابہؓ اجلاس کی تاریخوں کا اعلان
اجلاس میں یہ فیصلہ اتفاقِ رائے سے کیا گیا کہ انجمن کے زیر اہتمام سالانہ “اجلاس سیرتِ صحابہؓ” حسبِ روایت رجبی گراؤنڈ پریڈ کانپور میں منعقد ہوگا۔
یہ پروگرام بروز ہفتہ و اتوار، 29 اور 30 نومبر 2025 (مطابق 8،9 جمادی الثانی 1447ھ) کو ہوگا۔
قاضی شہر نے بتایا کہ گزشتہ 48 برسوں سے اس اجلاس کے ذریعے شہر کانپور میں محبتِ صحابہؓ اور عشقِ رسول ﷺ کے چراغ روشن کیے جا رہے ہیں۔
ماضی میں مولانا وصی الدینؒ، مولانا ظفر الدینؒ، مولانا عبد القیوم مظاہریؒ، مولانا مبین الحقؒ، مولانا متین الحق اسامہ قاسمیؒ، مولانا وکیل قاسمیؒ سمیت متعدد اکابر علما نے اپنی حیات میں اس اجلاس کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
تیاریوں کا آغاز
اجلاس میں طے پایا کہ امسال کے اجلاس کی تیاریاں فوری طور پر شروع کی جائیں۔ تمام ذمہ داران کو اپنی اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کرنے اور انتظامی امور میں مکمل تعاون کی ہدایت دی گئی۔
میٹنگ کے اختتام پر مفتی اقبال احمد قاسمی نے دعا فرمائی۔