"ادھیوکتا وچارک منچ” کے زیر اہتمام ایڈوکیٹ محمد خان مرحوم کی یاد میں، ایڈوکیٹ ڈائری‘ کا اجراء کیا گیا
کانپور:ادھیوکتا وچارک منچ‘ کے زیر اہتمام ایڈوکیٹ محمد خان مرحوم کی یاد میں ’ساتویں وکلا ڈائری اجراء تقریب‘ کا انعقاد گینجیز کلب آریہ نگر میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ مرحوم محمد خان کو یاد کرتے ہوئے ان کی زندگی اور ان کی بیش قیمتی خدمات کو یاد کیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر تقریب میں شریک قاضئ شہر کانپور حافظ عبد القدوس ہادی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سچا اور اچھا وکیل ہمیشہ اپنے مؤکل کو انصاف دلانے کیلئے جی توڑ محنت کرتا ہے، اور ایسی ہی جرأت و خوبی کیلئے ایڈوکیٹ محمد خان مرحوم جانے جاتے تھے، آج ان کے بیٹے ان کی جگہ لے چکے ہیں اور ان سے امید ہے کہ وہ اپنے والد کے مشن کو آگے لے کر جائیں گے اور مظلومین کو انصاف دلانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔قاضئ شہرنے کہا کہ وکلاء متاثرین کے لئے انصاف فراہمی کا ایک ذریعہ بنتے ہیں، جو ایک طرح سے خدمت خلق بھی ہے، اور اسی غرض سے ہمارے یہاں قائم محکمہ شرعی دار القضاء میں بھی تمام طرح کے متنازع معاملوں کا حل کیا جاتا ہے، لیکن اِدھر کچھ عرصے سے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کچھ ازدواجی زندگی سے وابستہ متنازع معاملوں میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ فریادی ایک دوسرے پر جھوٹے مقدمے کرا تے چلے آ رہے ہیں، یہاں تک کہ جھگڑا کسی ایک فرد سے ہے لیکن جھوٹے الزامات لگا کر اس کے پورے خاندان کو پھنسا دیا جاتا ہے جو انہتائی قابل تشویش، اور پریشان کرنے والی بات ہے۔
ایک وکیل کو ہمیشہ انصاف پسند اور سچا ہونا چاہئے، انہوں نے وکلاء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اب جو بھی نئی نسل وکالت کے پیشے سے وابستہ ہو رہی ہے انہیں یہ خیال رکھنا ہوگا کہ کسی بے گناہ کو اگر کوئی پھنسانے کی کوشش کر رہا ہو تو اسے ایسا کرنے سے روکیں اور خود بھی ایسے مدعی کی اصلاح کریں، کوشش کریں کہ کسی بے گناہ یا جس کا اس کیس سے کوئی تعلق ہی نہ ہو اس کا نام مقدمات میں قطعی نہ ڈالے جائیں، انصاف سبھی کا حق ہے لیکن کسی بے گناہ کو سزا ملے یہ قطعی اچھا عمل نہیں، ہمیشہ کوشش یہ کریں کہ اگر کوئی ازدواجی رشتہ کا معاملہ پیش آئے تو کوشش کریں کہ رشتہ ٹوٹنے نہ پائے، روٹھے ہوئے پریوار ایک ہوجائیں، خاندان بنا رہے، اس میں خدمت خلق بھی ہے اور یہ ایک اچھا عمل بھی۔
اس موقع پر اسٹیج پر موجود مہمان خصوصی کی حیثیت سے پہنچے اندیور باجپئی صدر بار ایسو سی ایشن کانپور، امت سنگھ جنرل سکریٹری بار ایسو سی ایشن کانپور، شیام نارائن سنگھ صدر دی، لائرس ایسو سی ایشن، ابھیشیک تیواری، جنرل سکریٹری دی لائرس ایسو سی ایشن نے بھی قاضئ شہر کی باتوں سے اتفاق کیا اور اقرار کیا کہ آج کے دور میں زیادہ تر ایسا ہی ہو رہا ہے لیکن اس پر قابو پانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں وکلاء حضرات، بار ایسو سی ایشن کانپور کے عہدیداران و اراکین اور معزز شہری موجود تھے۔