کانفرنس کی تاریخ ساز کامیابی پر ملک بھر سے مبارکبادی کا سلسلہ جاری
کانپور (محمد عثمان قریشی) انجمن جانثارانِ صحابہ و اہل بیت کانپور کے زیر اہتمام منعقدہ عظمتِ حسنؓ و معاویہؓ کانفرنس نے تاریخ رقم کر دی۔ شہر و اطراف کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے آئے ہوئے علما، مشائخ اور عوام کے جم غفیر نے اس عظیم اجتماع کو وقت کی اہم ضرورت اور ملت کے لئے سنگِ میل قرار دیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے بعد ہر طرف سے مبارکبادی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس کی گونج بہت دیر اور بہت دور تک سنائی دے گی۔
قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی نے انجمن کے تمام کارکنان اور بالخصوص کانفرنس کے روحِ رواں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس محض ایک اجتماع نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جس کے ذریعے ملک گیر سطح پر عظمتِ صحابہ اور ناموسِ اہل بیت کے تحفظ کی فضا ہموار ہوئی ہے۔ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کا یہ اقدام تاریخی اور انقلابی ہے، ان کے جذبے کو جتنا سراہا جائے کم ہے۔
اسی موقع پر حافظ معمور احمد جامعی نے بتلایا کہ انجمن فروغِ سنت کانپور کے زیر اہتمام حسبِ روایت نومبر کے اخیر میں دو روزہ سیرتِ صحابہؓ کانفرنس رجبی گراؤنڈ پریڈ کانپور میں منعقد ہوگی، جس میں صحابہ کرامؓ کے عظیم کارناموں اور ان کی قربانیوں کو مزید اجاگر کیا جائے گا۔
شرکاء اور اہلِ علم کی رائے ہے کہ عظمت حسنؓ و معاویہؓ کانفرنس نے اتحادِ امت کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالی ہے، اور آئندہ ہونے والی سیرتِ صحابہؓ کانفرنس اس پیغام کو مزید آگے بڑھائے گی