مدحِ صحابہ کی تحریک زندگی بھر جاری رہنی چاہئے: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی
کانپور (محمد عثمان قریشی) انجمن جانثارانِ صحابہ و اہل بیت، کانپور کے زیرِ اہتمام عظمتِ حسنؓ و معاویہؓ کانفرنس کی شاندار اور تاریخ ساز کامیابی کے بعد ایک خصوصی اظہارِ تشکر کی نشست منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام جمعیۃ بلڈنگ، رجبی روڈ، کانپور میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی زیرِ نگرانی منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر مفتی اقبال احمد قاسمی (مفتی اعظم کانپور) اور مفتی عبدالرشید قاسمی نے کلیدی خطابات فرمائے۔ نشست میں شہر کے مختلف علاقوں کرنیل گنج، بساط خانہ، پٹکا پور، افتخار آباد، چمن گنج، قلی بازار، ریل بازار، بابو پوروہ، جاجمؤ، اور روشن نگر سے تعلق رکھنے والے تقریباً ڈیڑھ سو نوجوان رضاکاروں نے شرکت کی جنہوں نے عظمتِ حسنؓ و معاویہؓ کانفرنس کے انتظامات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “صحابہ کرامؓ کی عزت و ناموس کا تحفظ اور ان کی عظمت کو امت کے دلوں میں راسخ کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔” انہوں نے کہا کہ ایک پروگرام کے انعقاد سے مشن مکمل نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک تحریک کا تسلسل ہے جسے نئے جذبے اور وسعت کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔ مولانا نے تمام نوجوان رضاکاروں کی خدمات پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ نوجوان ہمارے دست و بازو ہیں، انہی کے جوش و خلوص سے یہ تحریک زندہ و تابندہ ہے۔”
مفتی اقبال احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باطل طاقتیں عہدِ نبوی سے ہی اسلام اور اہلِ حق کے خلاف سرگرم رہی ہیں۔ کبھی حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کو نشانہ بنایا گیا، کبھی صحابہ کرامؓ کی نیتوں پر اعتراضات کیے گئے، اور کبھی ان کے باہمی اختلافات کو بنیاد بنا کر ان کی عظمت گھٹانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن ہر دور میں اہلِ ایمان نے ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مفتی صاحب نے کہا کہ “خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں دین کی خدمت اور مقدس شخصیات کے دفاع کی توفیق نصیب ہو، یہی ایمان کی علامت اور قربِ الٰہی کا وسیلہ ہے۔”
مفتی عبدالرشید قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے فتنوں کے دور میں سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ عام مسلمان علماء سے مضبوط تعلق قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ چندہ یا فنڈنگ کا مقصد محض مالی مدد نہیں بلکہ عوام کو علماء کے قریب لانا اور دین کے پیغام کو گھروں تک پہنچانا ہے۔
اجتماع میں شریک نوجوانوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ محبتِ صحابہ و اہلِ بیت، اتحادِ امت، اور تحریکِ مدحِ صحابہ کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ بھی اپنے ایمان، کردار اور اجتماعی خدمت کے ذریعے اس پیغام کو عام کریں گے۔
اجتماع کے اختتام پر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی جانب سے تمام شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمی و روحانی گفتگو کا سلسلہ دیر رات تک جاری رہا۔
اس موقع پر مولانا انیس الرحمن قاسمی، قاری عبدالمعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا امیر حمزہ قاسمی سمیت انجمنِ جانثارانِ صحابہ و اہلِ بیت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔