وزیر مملکت دانش آزاد انصاری ہوں گے مہمانِ خصوصی، ملک بھر سے نمائندے شریک ہوں گے
لکھنؤ، (ابوشحمہ انصاری) مومن انصار سبھا کے قومی صدر محمد اکرم انصاری نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مؤمن انصار سماج، بنکروں، ہنرمندوں سمیت پسماندہ، دلت اور پسماندہ مسلمانوں کا 15 واں قومی پسماندہ شراکت داری کنونشن 27 اپریل 2025 بروز اتوار صبح 10:00 بجے رویندرالیہ، چار باغ، لکھنؤ میں منعقد کیا جائے گا۔ اس کنونشن کی صدارت خود قومی صدر محمد اکرم انصاری کریں گے، جبکہ مہمانِ خصوصی اترپردیش حکومت میں مسلم فلاح، وقف اور حج کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری ہوں گے۔
کنونشن میں اترپردیش کے تمام اضلاع، شہروں، قصبوں کے علاوہ بہار، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، دہلی، مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال سمیت کئی ریاستوں سے مومن انصار سبھا کے نمائندے، سماجی تنظیموں کے عہدیداران اور سماجی خدمت گزار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
مومن انصار سبھا کے بینر تلے اترپردیش کے کونے کونے سمیت ملک کی پندرہ سے زائد ریاستوں میں مؤمن انصار سماج، پسماندہ طبقہ اور ہنرمند برادری کے افراد روزگار، تعلیم، تحفظ اور سیاسی شراکت داری کو یقینی بنانے کے مقصد سے متحد ہو رہے ہیں۔
یہ قابل ذکر ہے کہ مؤمن انصار سبھا گزشتہ پندرہ برسوں سے، یعنی 2011 سے مسلسل قومی کنونشن کا انعقاد کرتی آ رہی ہے، جس میں پسماندہ مسلمانوں، مؤمن انصار سماج، بنکروں اور ہنرمندوں کے مسائل پر سنجیدہ غور و خوض کیا جاتا ہے اور ان کی آبادی کے تناسب سے تمام شعبہ ہائے زندگی میں منصفانہ شراکت داری کا مطالبہ زور و شور سے اٹھایا جاتا ہے۔