بارہ بنکی (ابو شحمہ انصاری)رام نگر بلاک کے تحت آنے والا قصبہ سعادت گنج اور اس کے اطراف کا علاقہ طویل عرصے سے صحت سہولیات کی زبوں حالی سے دوچار ہے۔ اس سنگین مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے، ضلع کانگریس سوشل میڈیا کے صدر محمد ذیشان نے منگل کے روز پارلیمان رکن تنوج پونیا کو ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔
یادداشت میں واضح کیا گیا کہ تقریباً 40 ہزار کی آبادی بنیادی صحت سہولیات سے محروم ہے۔ سعادت گنج کا سرکاری ہسپتال بدترین حالت میں ہے، جہاں نہ تو مستقل ڈاکٹر تعینات ہیں اور نہ ہی ادویات کی مناسب فراہمی ہے۔ زچگی مراکز، خاتون معالج، دندان ساز، ایکسرے اور الٹراساؤنڈ جیسی بنیادی سہولیات مکمل طور پر غائب ہیں، جس کے سبب عوام کو مجبوراً مہنگے نجی اسپتالوں یا شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
محمد ذیشان نے اس موقع پر کہا کہ اپنے ہی علاقے کے عوام کو علاج جیسی بنیادی سہولت سے محروم دیکھنا نہایت تکلیف دہ ہے۔ کانگریس کی فکر ‘سیوا ہی سنگٹھن’ ہمیں ہمیشہ عوامی خدمت اور ان کے حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار رکھتی ہے۔ میں سعادت گنج کا بیٹا ہوں، اپنے لوگوں کی آواز کو اقتدار اور انتظامیہ تک پہنچانا میرا فرض ہے۔ جب تک یہاں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات نہیں ملتیں، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
پارلیمان رکن تنوج پونیا نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو خط لکھا اور ہسپتال کی حالت بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ مقامی عوام نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی عملی کارروائی سے سعادت گنج کے ساتھ ساتھ قریبی دیہات بھی راحت محسوس کریں گے۔